• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف علی زرداری کی گرفتاری افسوسناک ہے، سید مراد علی شاہ


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری افسوسناک ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی پیپلز پارٹی کے رہنما نیشنل اسمبلی کے سابق رکن ملک اسد کے والد کی تعزیت کے لیے اُن کے گھر پہنچے ،انہوں نے کہا کہ ملک سکندر مرحوم میرے والد کے دوست تھے،ہمارے خاندانی مراسم ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا ہے کہ زرداری صاحب نے نیب کے ساتھ مکمل تعاون کیا، ہر حاضری پر پیش ہوئے، اُس کے باوجود اُن کی گرفتاری افسوسناک ہے، اس سے حزبِ اختلاف جماعتوں کی تحریک پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح سے انتشار بڑے گا، ہماری پارٹی متحد ہے ، کوئی ایم پی اےکہیں نہیں جارہا ، ہماری پارٹی کے لیڈرز پراگرکوئی دبائو ڈال رہا ہے تو ہم اُس کا سامنا کرلیں گے۔

سید مراد علی شاہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ، بین الاقوامی حالات سے بے خبر حکومت سیاسی قیادت کے پیچھے پڑی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے فیصل واؤڈا کے ایک بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ فیصل واؤڈا اگر کہہ رہا ہے کہ 600 لوگ لٹکائے جائیں گے تو مجھے واؤڈا خود کہیں نظر نہیں آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزیر بیان دے دیتے ہیں تاکہ لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹ جائے، ا صل مسئلہ مہنگائی کا طوفان ہے اور پی ٹی آئی عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ایسے بیانات دیتے ہیں۔

تازہ ترین