• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجارتی صارفین سے ڈبلیو ایس ایس پی واجبات کی وصولی کی مہم شروع

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کی درخواست اور کمشنر پشاور ڈویژن کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ نے ڈبلیو ایس ایس پی کے تجارتی صارفین سے پانی ، ونکاسی آب کے واجبات کی وصولی کے لئے مہم شروع کر دی جس کے لئے چاروں زونز میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنروں کی سربراہی میں ڈبلیو ایس ایس پی اور پولیس پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، مہم دو مراحل پر مشتمل ہوگی پہلے مرحلے میں صارفین کو واجبات کی ادائیگی کے لئے سات دنوں کا نوٹس دیا جارہا ہے جس کی مدت ختم ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں نادہندہ صارفین کےمراکز کو سیل یا انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ نادہندگان میں پلازے، دکانیں، ہوٹل، ہاسٹل، سی این جی سٹیشن، پٹرول پمپ، شادی ہال دفاتر، سینما، بنک، نجی وسرکاری سکول، تعلیمی ادارے، دفاتر، مارکیٹ، بارگین سنٹرز، کارخانے، واٹر پمپ، بورنگ اورورکشاپ وغیرہ شامل ہیں۔ ان صارفین کو ادائیگی کے بار بار نوٹس دیئے گئے تھے تاہم انہوں نے واجبات ادا نہیں کئے جس پر ڈبلیو ایس ایس پی نے کمشنر پشاور اور ضلعی انتظامیہ سے نادہندہ صارفین سے واجبات کی وصولی کے لئے رابطہ کیا تھا، چند روز قبل کمشنر پشاورکی صدارت میں ضلعی انتظامیہ، ڈبلیو ایس ایس پی اور پولیس حکام کا اجلاس ہوا تھا جس میں حتمی مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ڈبلیو ایس ایس پی کے 1936تجارتی صارفین کے ذمے 17کروڑ، 85 لاکھ، 21ہزار 299روپے واجب الادا ہیں۔ فقیر آباد زون اے کے 443صارفین کے پانچ کروڑ، 46 لاکھ، 40ہزار 157، گلبہار زون کے 979صارفین کے ذمے پانچ کروڑ، 47لاکھ، 52ہزار 306، نوتھیہ، دانش آباد زون سی کے 296صارفین کے ذمے دو کروڑ، دو لاکھ، 15 ہزار 515اور تہکال راحت آباد زون ڈی کے 218صارفین کے ذمے چار کروڑ 89لاکھ، 13 ہزار 323روپے واجب الادا ہیں۔ادائیگی کے نوٹس ڈپٹی کمشنر جاری کر رہا ہے، فقیر آباد زون اے میں نوٹسوں کے اجراء کا عمل تقریباً مکمل ہوگیا ہے جبکہ گلبہار زون بی میں نوٹس جاری کرنے کا آغاز آج کیا جائے گا۔
تازہ ترین