• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خدمت کے ساتھ عوام کی عزت بھی کرینگے‘ ایس ای سوات

پشاور (نیوز ڈیسک) چیف ایگزیکٹیو پسکو انجینئر ڈاکٹر محمد امجد خان کی ہدایت پر صارفین بجلی کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے سلسلے میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ صوبہ بھر میں جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایک کھلی کچہری ایس ای سوات سرکل خالد خان کی زیرنگرانی تھانہ سب ڈویژن کے علاقے میں منعقد ہوئی‘ ایس ای سوات سرکل نے اس موقع پر کہا کہ خدمت میں عبادت ہے اس لئے خدمت کے ساتھ ساتھ عوام کی عزت بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 15 ستمبر تک تھانہ کے لئے تیسرے فیڈر کی منظوری ہوجائے گی‘ انہوں نے اوور لوڈڈ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمروں کو زیادہ طاقت کے ٹرانسفارمروں سے تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ایک کھلی کچہری بنوں سرکل کے زیراہتمام سپرنٹنڈنگ انجینئر بنوں سرکل کی زیرنگرانی بنوں 1 ڈویژن کے علاقے میں منعقد ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کئے۔ ایک کھلی کچہری ایس ای پشاور سرکل سمیع اللہ بنگش کی زیرنگرانی منعقد ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بجلی سے متعلقہ مسائل حل کروائے۔ ایک اور کھلی کچہری ایس ای ہزارہ 2 سرکل کی زیرنگرانی منعقد کی گئی جس میں ایکسین‘ڈی سی ایم‘ایس ڈی او اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں لوگوں نے سٹاف کی کمی‘ اوورلوڈڈ ٹرانسفارمروں‘ بوسیدہ تاروں‘ مکانوں کے اوپر سے گزرنے والی تاروں‘ اووربلنگ جیسے مسائل کے بارے میں درخواستیں پیش کیں۔ جن کے حل کے لئے موقع پر ہدایات جاری کی گئیں۔ ایک کھلی کچہری ایس ای صوابی سرکل محمد ریاض خان کی زیرنگرانی منعقد کی گئی جس میں ایکسین‘ ایس ڈی او کے علاوہ ناظمین‘ کونسلرز اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی‘ کھلی کچہری میں خراب میٹروں کی فوری تبدیلی‘ بجلی بلوں کی درستگی‘ سٹاف کی کمی‘ میٹر ریڈروں کی کمی‘ ٹرانسفارمرز کی خرابی کا نوٹس نہ لینا‘ ناروا لوڈشیڈنگ کے بارے میں شکایات کے ازالے کے لئے فوری طور پر کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ لونڈ خوڑ میں بھی ایک کھلی کچہری ایس ای مردان سرکل شاہ رس خان کی زیرنگرانی منعقد کی گئی جس میں ایکسین‘ ایس ڈی او اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں زیادہ طاقت کے ٹرانسفارمروں کی تنصیب‘ بوسیدہ اور خطرناک تاروں کی تبدیلی‘ خراب میٹروں کی تبدیلی‘ کم وولٹیج‘ ری کنڈکٹنگ اور دیگر مسائل پر موقع پر احکامات جاری کئے گئے۔ ایک کھلی کچہری ایس ای خیبر سرکل کی زیرنگرانی منعقد ہوئی جس میں ایکسین خیبر ڈویژن‘ ایس ڈی او‘ عمائدین علاقہ اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بجلی سے متعلقہ مسائل کو موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ ایک کھلی کچہری ایس ای ہزارہ سرکل 1 ایبٹ آباد قاضی محمد طاہر کی زیر نگرانی منعقد ہوئی جس میں ناظمین‘ کونسلرز‘ سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں ٹرانسفارمروں کی مرمت‘ لوڈشیڈنگ‘ اووربلنگ اور دیگر مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے گئے۔
تازہ ترین