• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کو پی ایس ایل ٹیموں کے ساتھ ٹریننگ دی جائے، جویریہ خان

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سینئر پلیئر جویریہ خان نے تجویز دی ہے کہ پاکستان میں ویمن کرکٹرز کی تربیت کے لیے انہیں پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کے ساتھ ٹریننگ کا موقع دیا جائے تاکہ خواتین پلیئرز دنیا کے ٹاپ اسٹارز سے کچھ سیکھ سکیں۔

کراچی میں گفتگو کے دوران جویریہ خان نے کہا کہ پاکستان میں ویمن کرکٹرز کا پول بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے، جب کہ خواتین کرکٹرز کی بھی تربیت ہورہی ہے، اگر پی ایس ایل میں خواتین پلیئرز کو ٹیموں کے ساتھ ٹریننگ کا موقع ملا تو اس سے فائدہ ہوگا، کیوں کہ ہر ٹیم میں ٹاپ اسٹارز ہیں جو پلیئرز کو بہت کچھ بتاسکتے ہیں۔

جویریہ خان نے مزید کہا کہ ٹیلنٹ پول کو بڑھانے کے لیے پی سی بی کے ساتھ تعلیمی اداروں کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا، اسکولز اور کالجز میں ویمن کرکٹ ہوگی تو اس سے لڑکیوں میں کھیل کا شوق پیدا ہوگا اور باقاعدہ مقابلوں کا رجحان بھی بڑھے گا جو پاکستان کرکٹ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا ۔

جب ان سے اپنے اہداف کے بارے میں سوال ہوا تو جویریہ خان نے کہا کہ وہ ہر میچ میں پاکستان کے لیے میچ ونر کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ کھیلیں بلکہ ورلڈ کپ میں پاکستان کو کامیاب کرانے میں بھی اہم کردار ادا کریں۔

تازہ ترین