• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر پر بھارتی جارہانہ پالیسی کے خلاف مظاہرے

وقار ملک ۔۔۔کونٹری،برطانیہ

دنیا بھرمیں کشمیر پر بھارتی جارہانہ پالیسی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، اس حوالے سے برطانیہ کے کشمیریوں اور پاکستانیوں نے بھارت کے خلاف بھرپور مظاہرہ 3 ستمبر کو کر کے تاریخ رقم کر دی۔ بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے مظاہرے کے آرگنائزر راجہ شکیل حیدر نے مظاہرہ کرنے کی اجازت طلب کی تو چیف کمشنر نے انھیں بتایا کہ شرپسند آپ کے مظاہرہ میں ہلڑ بازی اور غنڈہ گردی کے مرتکب ہو سکتے ہیں۔ راجہ شکیل حیدر کی یقین دہانی کے بعد کہ کشمیری و پاکستانی پرامن کمیونٹی ہے وہ معاملات کو خراب کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے اور نہ قانون ہاتھ میں لیں گے۔ مظاہرے کی اجازت ملنے کے بعد آرگنائزر نے دن رات کی محنت سے ایک کامیاب مظاہرہ کرنے کی کوششیں شروع کر دیں، لیکن چند شرپسند بھارتی ایجنٹ اچانک مظاہرے میں گھس گئے اور بھارتی ہائی کمیشن کے علاوہ وہاں بنے اسٹیج پر انڈے پھینکنا شروع کر دئیے جنھیں پکڑنے اور کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ نے پولیس کی مددحاصل کی۔

 راجہ شکیل حیدر نے کہا کہ ہمیں لندن پولیس پہلےہی بتا چکی تھی اور اپنے خدشات کا اظہار کر چکی تھی کہ چند عناصر شرپسندی کے ذریعے مظاہرہ خراب کر سکتے ہیں اور شرپسندوں نے ناپاک حرکت کرنے کی کوشش کی جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کامیاب مظاہرہ کرنے پر تمام کمیونٹیز کے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا، جبکہ جے کے ایل ایف یورپ کے سرکردہ رہنما مرزا شبیر جرال نے لندن مظاہرہ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بیلجئم سے بھرپور شرکت کی۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ کشمیر کی کشیدہ صورت حال پر پوری دنیا تڑپ رہی ہے مگر بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آرہا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔سفاک مودی اور اس کے حواریوں کے ستر سالہ مظالم اور بربریت کے خلاف کشمیری عوام کا جذبہ آزادی قابل رشک ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہے۔بھارت کو یورپین پارلیمنٹ اور سلامتی کونسل میں منہ کی کھانی پڑی۔ شبیر جرال نے کہا کہ یہ وقت ہر روز آواز بلند کرنے کا ہے۔مسلم ریسورس سینٹر کے جنرل سیکریٹری راجہ اصغر نمبل اور سابق چیئرمین یونس منھاس نے کہا کہ عوام کا جوش دیدنی ہے لندن مظاہرے میں شرکت کے لیے لوگوں نے بڑی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔

تازہ ترین