• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماضی کی غفلت کا خمیازہ کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کراچی کے مسائل پر اجلاس


وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا معاشی مرکز ہونے کے ناتے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے، ماضی کی بے انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کراچی صفائی مہم اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں کراچی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی، ماس ٹرانزٹ سسٹم و دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء فروغ نسیم، خسرو بختیار، خالد مقبول صدیقی، علی زیدی، وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، ارکانِ سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل صدیقی، ڈی جی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کے عوام کی زندگیوں کو صحت کے معاملے میں شدید خطرات لاحق ہیں، ان کو درپیش مسائل پر شدید تشویش ہے، وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کےعوام کو بہتر سہولتیں میسر آئیں، حکومت کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل میں ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

کراچی کے مسائل کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے بعد اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان نے فروغ نسیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیٹی وزیرِ بحری امور، وزیرِ منصوبہ بندی، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور دیگر ممبران پر مشتمل ہو گی، جسے مجوزہ لائحہ عمل سے متعلق سفارشات جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی کراچی کے مسائل کے حل میں وفاقی حکومت کی جانب سے لائحہ عمل تشکیل دے گی، کمیٹی شہر کے مسائل کے حل کے لیے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

تازہ ترین