• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم عاشور، تربیت مکمل،6ہزار اسکاؤٹس خدمات انجام دینگے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی آرگنائزنگ کمشنر ، سیکرٹری تعلیم سندھ قاضی شاہد پرویز نے کہا ہے کہ اسکاؤٹس معاشرے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں یہ مختلف مواقعوں پر حکومت کے ساتھ مل کر ملک و قوم کی خدمات انجام دیتے ہیں ۔ وہ محمد صدیق میمن اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں عشرہ محرم الحرام کے دوران خدمات انجام دینے والے گرلز اینڈ بوائےاسکاؤٹس کی تربیت کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسکولز حیدر آباد ریجن سید رسول بخش شاہ ، ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹیوٹشنز سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی ، صوبائی اسکاؤٹ سیکرٹری سید اختر میر ، پروفیسر معین اظہر صدیقی ، حسین مرزا موجود تھے ۔ قاضی شاہد پرویز نے مزید کہا کہ مجھے چند ماہ کے دوران اسکاؤٹس کی کارکردگی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ہے جس سے میں بے حد متاثر ہوا ہوں مجھے امید ہے کہ مستقبل میں بھی اسکاؤٹس کی ان خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ خدمات انجام دینے والے اسکائوٹس کو ایمرجنسی ریسپانس ، طبی امداد ، فائر فائٹنگ ، گاڑیوں اور افراد کی تلاشی لینے ، بم کو شناخت کرنے سمیت دیگر خصوصی تربیت پاکستان رینجرز سندھ کے میجر یاسین ،ڈی ایس آر مقصود ، ڈی ایس آررحمت اور ان کی ٹیم کے علاوہ سندھ پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈکے انسپکٹر کاشف اور فرسٹ ایڈ کی تربیت منظر عباس نے دی ۔ دریں اثناء عشرہ محرم الحرام کے دوران سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے 6ہزار سے زائد اسکائوٹس اور لیڈرز خدمات انجام دیں گے ہر ضلع میں رینجرز اور پولیس کے ذریعہ ان کی تربیت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ سندھ بھر میں اسکائوٹس کی خدمات کو مانیٹر کرنے کیلئے صوبائی اسکائوٹ ہیڈ کوارٹر میں کنڑول روم قائم کیا گیا ہے ۔خیر پور ، رانی پور ، سکھر ، جیکب آباد، لاڑکانہ ، شکار پور ، نو شہروفیروز ، مورو، دادو ، حیدر آباد ، بدین ، میر پور خاص سمیت کراچی میں 6ہزار سے زائد اسکائوٹس ،اسکائوٹ لیڈرز اور گرلز اسکائوٹس محرم الحرام کے دوران ہونے والی مجالس اور جلوسوں میں خدمات انجام دیں گے ۔ تربیت یافتہ اسکائوٹس کسی بھی ممکنہ صورتحال میں امن و امان کو بحال کرنے اور لوگوں کی مدد کرنے کے امور سے واقف رہ کر صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کرسکیں گے ۔

تازہ ترین