• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو کربلا بنا دیا،شجاعت،پرویز الہٰی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر کے مقبوضہ کشمیر کو کربلا بنا دیا ہے، کشمیریوں کو مودی حکومت کے ظلم و تشدد، غیرانسانی سلوک اور غیرقانونی چنگل سے نجات دلانے کیلئے ملت اسلامیہ باالخصوص پاکستانی قوم کی جانب سے جذبہ حسینی کے مظاہرہ کی اشد ضرورت ہے، ہمیں چاہئے کہ آج تمام باہمی اختلافات اور ذاتی مفادات پس پشت ڈال کر ظلم و ناانصافی کے خاتمہ اور حق و صداقت و عظمت انسانی کیلئے ڈٹ جانے کا عہد کریں۔ یوم عاشور پر مسلم لیگی قائدین نے اپنے پیغامات میں کہاحضرت امام حسینؓ نے عظیم قربانی دے کر نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری بنی نوع انسانی کو درس دیا کہ دین و ملت کی سربلندی کیلئے شبیری کردار ضروری ہے اور کسی حالت اور صورت میں بھی جھکنے کی بجائے باطل قوتوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا جائے، ظلم و ظالم کے خلاف ڈٹ جائیں اور کسی قربانی سے دریغ نہ کریں، نہ صرف ہر پاکستانی، ہر مسلمان بلکہ ہر انسان کو حضرت امام حسین اور ان کے ساتھی شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایمان، ایثار، اتحاد، ثابت قدمی، جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کے عمل و اقوال کو مشعل راہ بنائیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مادرِ وطن کو خارجی و داخلی دشمنوں کی سازشوں اور کارروائیوں سے محفوظ رکھے اور کشمیر و دیگر علاقوں کے مظلوم و مجبور مسلمانوں کو ظلم و ستم اور خونریزی سے نجات دلائے۔

تازہ ترین