• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف پی سی سی آئی صدرکے عہدے کی میعادبڑھاناحق تلفی ہے،مرزاعبدالرحمان

پشاور(نیوزڈیسک)یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور ایف پی سی سی آئی کے صدر دارو خان اچکزئی کی جانب سے کاروباری برادری کے استحصال کی کوشش ناکام بنا دیں گے۔ایف پی سی سی آئی کے صدرکے عہدے کی معیاد ایک سال سے بڑھا کرتین سال کرنے کی سازش کا مقصد ڈکٹیٹر شپ کا فروغ ہے۔ اس سے ملک بھر کی کاروباری برادری کی حق تلفی ہو گی جبکہ چھوٹے صوبے جنھیں سات سال بعد باری ملتی ہے انھیں نئے فارمولے کے تحت اکیس سال انتظار کرنا ہو گا جس سے احساس محرومی بڑھے گا۔یو بی جی کے رہنما اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر مرزا عبدالرحمان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میںکہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آنے والے یو بی جی رہنمائوں نے میرٹ کی پامالی لوٹ مار اورکاروباری برادری کے مفادات پر سودے بازی کی نئی تاریخ رقم کی ہے جسکی وجہ سے انکی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اب حکومت نے نہ صرف ان سے مشاورت ختم کر دی ہے بلکہ انھیں ہر سطح پر نظر انداز کرنا شروع کر دیا ہے۔یو بی جی رہنمائوں نے اپنے مفادات کی تکمیل کے لئے ملک بھر میں سازشوں کا جال پھیلا رکھا ہے اور اب ایک سیاستدان کی مدد سے ایف پی سی سی آئی کے صدر کی معیاد کو ایک سال سے بڑھا کر تین سال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی کیونکہ یہ سوادو سو کے قریب چیمبرز آف کامرس، ویمن چیمبرز اور دیگر تجارتی تنظیموں کی حق تلفی ہے۔انھوں نے کہا کہ گیارہ سینیٹروں سمیت پندرہ افراد پر مشتمل کامرس کی قائمہ کمیٹی گیارہ ستمبر کو اس معاملہ پر غور کرے گی جس میں ملکی مفادات کے خلاف فیصلہ ہوا تو کاروباری برادری جو پہلے ہی مہنگائی ، ٹیکس معاملات اور حکومتی پالیسیوں سے پریشان ہے ملک بھر میں اسکے خلاف زبردست احتجاج کرے گی۔
تازہ ترین