لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے گیند کی حالت میں تبدیلی کے حوالے سے علم نہیں تھا، جس کے باعث پاکستان سپر لیگ کے میچ میں ہماری ٹیم پر 5 رنز کی پنالٹی عائد کی گئی۔
لاہور قلندرز پر یہ پنالٹی پی ایس ایل 11 میں کراچی کنگز کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران عائد کی گئی۔
کراچی کنگز کی اننگز کے آخری اوور سے قبل جب آن فیلڈ امپائرز نے گیند کا معائنہ کیا تو اسے تبدیل شدہ قرار دیتے ہوئے فیلڈنگ سائیڈ کو 5 رنز کی پنالٹی دے دی۔
اس فیصلے کے بعد ہدف کا حساب بدل گیا اور آخری اوور میں کراچی کنگز کو 14 کے بجائے صرف 9 رنز درکار تھے۔
عباس آفریدی نے اوور کی دوسری اور تیسری گیند پر لگاتار چوکے لگا کر اپنی ٹیم کو سنسنی خیز 4 وکٹوں سے فتح دلائی۔
اگرچہ شاہین شاہ آفریدی نے امپائرز کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، تاہم انہوں نے الزام سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بات کی جائے گی۔
انہوں نے میچ کے بعد گفتگو میں کہا کہ مجھے اس گیند سے چھیڑ چھاڑ کے بارے میں معلوم نہیں، ہم اس پر بات کریں گے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔
ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ میری بیٹنگ مناسب رہی، کیونکہ کراچی کنگز کو 129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا سامنا رہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا میچ تھا، ہم آخری گیند تک مقابلہ کرنا چاہتے تھے اور ٹیم نے کوشش کی، دونوں ٹیموں کی بیٹنگ تقریباً ایک جیسی رہی، میرے خیال میں ہماری بیٹنگ ٹھیک تھی، ورنہ کنگز یہ ہدف 15 اوورز میں حاصل کر لیتے۔
واضح رہے کہ اس فتح کے بعد کراچی کنگز نے لاہور قلندر کے خلاف مقابلوں میں اپنی برتری کو 15-8 تک بڑھا لیا ہے۔