• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکاسیریز کیلئے کرکٹرز کا آج اعلان، فخرآؤٹ، عابد ان

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) سری لنکا کے خلاف ہوم سریز کے تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹر نیشنل کے تربیتی کیمپ کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 19ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان پیر کو کیا جارہا ہے۔ مصباح الحق پہلی بار ٹیم منتخب کرینگے۔ سینئر بیٹسمین محمد حفیظ اور شعیب ملک اس وقت کیریبین لیگ میں شرکت کررہے ہیں ، دونوں کا نام فہرست میں نہیں ہوگا۔ بطاہر اس بات کے ٹھوس اشارے مل رہے ہیں کہ سلیکشن کمیٹی محمد حفیظ اور شعیب ملک کو موقع نہیں دینا چاہتی اور دونوں کا انٹر نیشنل کیریئر اب ختم ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ محمد حفیظ ون ڈے اور ٹی20 اور شعیب ملک ٹی 20 فارمیٹ کھیلتے ہیں۔ امکان ہے کہ ہے قومی سلیکشن کمیٹی کراچی کے اوپنر احسان علی کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں موقع دے گی ، مسلسل ناکام ہونے والے فخر زمان پر عابد علی کو ترجیح دی جائے گی ۔ متوقع طور پر امام الحق اور عابد علی ون ڈے میچوں میں اننگز کا آغاز کریں گے۔ سیریز کے لئے قومی کیمپ 18ستمبر سے لاہور میں شروع ہوگا جبکہ24ستمبر کو کیمپ لاہور سے کراچی منتقل ہوجائے گا۔سیریز میں منصور رانا منیجر اور یاسر ملک ٹرینر ہوں گے۔ دوسری جانب سر ی لنکا کی سیریز کے لئے بیک ڈور چینل سے رابطے ہورہے ہیں۔ پی سی بی پر امید ہے کہ مہمان ٹیم25ستمبر کو کراچی پہنچے گی۔ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز27ستمبر، 29ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور9اکتوبر کو ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے ٹیسٹ سیریز دسمبر میں کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔ اگرچہ دونوں کرکٹ بورڈز نے اس بات کا اعلان نہیں کیا کہ آیا یہ ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہو گی یا متحدہ عرب امارات میں۔ لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں پُرامید ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے کامیاب انعقاد سے ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہونے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین