• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلی بارحکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدن بڑھ رہی ہے، فردوس عاشق

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار حکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدن بڑھ رہی ہے، یہ ملک وقوم اور معیشت کے لیے خوشخبری ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی خوشحالی، قومی ترقی کے لیےحکومتی اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں ، حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 580 ارب روپے ٹیکس جمع کیا۔

یہ بھی پڑھیے: فردوس عاشق اعوان کو دل کی تکلیف، پمز میں داخل

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ 6 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا ہے،اس کامیابی کا سہرا عمران خان کے سر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہیں اور اقتصادی صورتحال میں بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ٹیکس ریونیو بڑھانا اور مالیاتی خسارے کو کنٹرول رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گزشتہ سال کے 509 ارب کے مقابلے میں580 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، ایف بی آر میں 6 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا، اس کامیابی کا سہرا عمران خان کے سر ہے جنہوں نے پاکستان میں پہلی بار ٹیکس وصولی کے فرض کو قومی تحریک کی شکل دی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ2 سیلولر کمپنیوں سے لائسنس فیس کی مد میں 70 ارب روپے وصول ہوئے،ایک اور کمپنی سے مزید 70 ارب وصول ہونے کی امید ہے۔اس سیکٹر سے مجموعی طور پر 200ارب روپے حاصل ہوں گے۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73 فیصدکمی یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں واضح کمی آئی، ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید لکھا کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کیے ہیں دو مہنیوں میں کوئی سپلیمنٹری گرانٹ منطور نہیں ہوئی جبکہ گزشتہ چند ہفتوں میں کرنسی کی قدر بہتر ہونے سے حکومت کو 246 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔

اس سال حکومت تقریباً ایک ہزار ارب روپے نان ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی جس میں 2 سو ارب روپے سیلو لر سیکٹر،4 سو ارب روپے ا سٹیٹ بنک آف پاکستان کے منافع جات اور 3 سو ارب روپے آر ایل این جی پلانٹس کی نجکاری سے ملنے کی امید ہے۔

تازہ ترین