• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چئیرمین پی سی بی پر ’کیس‘ کرنیوالے شعیب خان بلوچستان کے اسسٹنٹ کوچ بن گئے!

پی سی بی کے 74 سال کے سربراہ احسان مانی کہتے ہیں کہ وہ بورڈ کو پیشہ ورانہ انداز میں چلانے کی خواہش رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں وہ بورڈ میں ایسے ہی افراد کو دیکھنے کے خواہش مند ہیں، البتہ حقائق ان باتوں کے برعکس چلتے دکھائی دیتے ہیں، بھاری تنخواہ پر بورڈ کا حصہ بننے والے چیف ایگزیکٹو وسیم خان بظاہر ’پیشہ ورانہ‘ انداز سے بہت دور دکھائی دے رہے ہیں اور بورڈ کے معاملات پر ان کی گرفت نہ ہونے کے برابر دکھائی دے رہی ہے۔

اس سلسلے میں حالیہ پیشرفت پی سی بی کے لیے جگ ہنسائی کا سبب بنتی دکھائی دے رہی ہے، قائد اعظم ٹرافی میں بورڈ نے ’بلوچستان‘ کا اسسٹنٹ کوچ 34 سال کے شعیب خان کو بنایا ہے، جنہوں نے 2008ء میں کینیڈا میں 4 بین الاقوامی ٹی 20 کھیلے تھے اور سلیم جعفر کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی میں شامل ثناء اللّٰہ کے تقرر پر خاصے نالاں تھے۔

ثناء اللّٰہ کا تعلق بھی بلوچستان سے ہی ہے، البتہ بقول شعیب خان آخری لمحے پر ان کا نام کاٹ کر ثناء اللّٰہ کا نام جونئیر سلیکشن کمیٹی میں رکھا گیا، اس بارے میں جب شعیب خان نے چئیر مین پی سی بی احسان مانی کو باقاعدہ  ای میل کر کے اپنے تحفظات پیش کئے، تو 28 نومبر 2018ء کو انہیں ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید کے توسط سے پی سی بی کے ’لیٹر پیڈ‘ پرجواب لکھا گیا کہ وقتاً فوقتاً بورڈ اپنی کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتا رہتا ہے اور مستقبل میں جب ایسا ہوا، آپ کے تحفظات کو مد نظر رکھا جائیگا۔

بورڈ کے رویے سے دلبرداشتہ شعیب خان نے بلوچستان ہائی کورٹ، کوئٹہ سے رجوع کیا، جب کہ شعیب خان کو پی سی بی تھنک ٹینک نے قائد اعظم ٹرافی میں بلوچستان ٹیم کے کوچ ٹیسٹ کرکٹر ارشد خان کیساتھ اسسٹنٹ کوچ بنا دیا۔

اب صورت حال یہ ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے شعیب خان کیس میں چئیرمین پی سی بی احسان مانی کو 17 اکتوبر2019ء کو طلب کیا ہے۔

تازہ ترین