• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’جب کچھ غلط نہیں کیا تو گھبرانا کس چیز کا‘

سابق صدر آصف علی زرداری نے خورشید شاہ کو احتساب عدالت میں گلے لگا لیا اور کہا کہ ’جب کچھ غلط نہیں کیا تو گھبرانا کس چیز کا ہے۔‘

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور خورشید شاہ کے درمیان احتساب عدالت نمبر 2 میں آج ملاقات ہوئی جس میں آصفہ بھٹو، فریال تالپور سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔

آصف زرداری نے خورشید شاہ کو دیکھ کر انہیں گلے لگایا، ان کا استقبال کیا اور مکالمہ کیا کہ ’کھہڑو حال آہے ‘جس کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ ’مولا جو کرم آہے۔‘

اس موقع پر سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے تمام تر صورتحال سے آصف زرداری کو آگاہ کیا ۔

آصف زرداری نے خورشید شاہ سے استفسار کیا کہ نیب نے آپ کو کہاں رکھا ہوا ہے؟ جس کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ جہاں آپ کو رکھا ہوا تھا۔

سابق صدر زرداری نے خورشید شاہ سے پوچھا کہ نیب والے آپ سے کیا چاہتے ہیں، جس پر خورشید شاہ نے کہا کہ مجھے کچھ معلوم نہیں، ابھی تو راہداری ریمانڈ لیا ہے۔

اس موقع پر سابق صدر نے خورشید شاہ سے کہا کہ جب کچھ غلط نہیں کیا تو گھبرانا کس چیز کا ہے۔

واضح رہے کہ خورشید شاہ کو کل اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر آمدن سے زیادہ اثاثوں اور فلاحی پلاٹ غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کا الزام ہے۔

خورشید شاہ کو نیب راولپنڈی نے نیب سکھر کی تحقیقات پر بنی گالا سے گرفتار کیا تھا۔

تازہ ترین