جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کل بلوچستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی۔
مولانا فضل الرحمان نے چمن دھماکے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے قیامِ امن کےتمام دعوے دم توڑ گئے ہیں، حکومت کی طرف سےکہا گیا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت لی ہے اور امن قائم ہوگیا ہے، مگر آج کے دھماکے نے ان کے تمام دعووں کا پول کھول دیا ہے، ہمیں بتائیں کون سی جنگ جیتی اور کہا ں امن قائم ہواہے؟
یہ بھی پڑھیے:چمن میں دھماکا: جے یو آئی (ف) کے رہنما 3، افراد جاں بحق
سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ مولاناحنیف پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، علماء کرام اور ہر پُرامن شہری غیر محفوظ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا محمد حنیف ڈپٹی جنرل سیکریٹری، رکن مجلس عاملہ اور میرے قریبی دوست تھے، مولانا حنیف کے پسماندہ گان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دھماکوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، اکتوبر میں آزادی مارچ ہوگا، کارکنان پُرامن طریقہ سے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل صوبہ بھر کے تمام ضلعی ہیڈاکوارٹرز میں پرامن مظاہرے ہوں گے۔
واضح رہے کہ آج چمن میں تاج روڈ پر ہونے والے زور دار دھماکے میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔