اس ترقی یافتہ دور میں ماہرین حیران کن چیزیں تیار کررہے ہیں ۔اس سلسلے میں سائنس دانوں نے روشنی جذب کرنے والی جیکٹ تیار کی ہے ۔یہ بالکل پودے کی طر ح کام کرتی ہے ۔یعنی یہ سورج کی روشنی جذب کرکے توانائی جمع کرتی ہے ۔اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ بہت آرام دے،ہلکی پھلکی اور بارش سے بچاتی ہے ۔رات کے وقت آپ اس پر فون کی لائٹ یا ٹارچ کی مدد سے لکھ بھی سکتے ہیں اور وہ الفاظ کئی گھنٹوں تک جیکٹ پر چمکتے رہتے ہیں ۔
یہ سولر جیکٹ زیادہ اندھیرے میں زیادہ روشن ہوتی ہے۔ اس سے قبل دن کی روشنی اور توانائی جذب کرکے رات میں چمکنے والے کپڑے صرف تجربہ گاہ تک ہی محدود تھے لیکن اس کو حقیقی دنیا کے لیے تیار کیا گیاہے ۔یہ اتنی نرم وملائم ہے کہ آسانی سے مٹھی میں سما جاتی ہے ۔
اس سے پسینہ باہر نکل جاتا ہے لیکن بارش کا پانی اندر نہیں آسکتا ہے۔جیکٹ کی سب سے اوپری سطح پر خاص قسم کی ایک پرت موجود ہے، جس میں فاسفورس پر مبنی روشن ہونے والا ایک مرکب ہے۔ اس پر روشنی پڑتی ہے تو جیکٹ اسے جذب کرلیتی ہے اور رات میں اسے دھیرے دھیرے خارج کرتی ہے۔ اس طرح جیکٹ پودوں کی طرح روشنی جمع کرتی رہتی ہے۔جیکٹ جتنی زیادہ روشنی جذب کرتی ہے، اس سے اتنی ہی زیادہ دیر تک روشنی خارج ہوتی ہے۔ اس کی قیمت 445 ڈالر رکھی گئی ہے۔