• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سی پیک، چین توسیع پر تیار، اقتصادی راہداری سے علاقائی ترقی تیز ہوگی، پاکستان کی ہر طرح سے مدد کریں گے، چینی صدر، جلد تکمیل ہماری پہلی ترجیح ہے، عمران خان

بیجنگ(ایجنسیاں) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین سی پیک میں توسیع کیلئے تیار ہے ‘اقتصادی راہداری سے علاقائی ترقی تیز ہوگی ‘ چین پاکستان کی ترقی اور بہتری کے لئے ہر طرح  سے مدد کرے گا‘پاکستان ادارہ جاتی اور اقتصادی اصلاحات کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کی طرف بھرپور طریقے سے بڑھ رہا ہے‘ پاکستان کے ساتھ شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط اور لافانی ہےجبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ سی پیک منصوبوں کی تیزی سے تکمیل ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘چین پاکستان کا ثابت قدم اتحادی اور مضبوط شراکت دار اور آئرن برادر ہے‘ چین کے مالیاتی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے بیجنگ میں ملاقات کے دوران کیا ۔

وزیرِ اعظم کی چینی صدر سے ملاقات


تفصیلات کے مطابق عمران خان نے بدھ کو چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کی اور دوطرفہ علاقائی اور عالمی امور پر دوستانہ ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تیزی سے تکمیل ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور پاکستان کی اقتصادی و قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے‘ پاکستان مشکل اقتصادی حالات سے نکل چکا ہے‘ اس حوالے سے ہم چین کے مالیاتی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے‘چین نے ہماری غیرمشروط معاونت کی ‘کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنگین انسانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے‘وہاں سے کرفیوفوری طورپراٹھایاجائے۔ صدر شی جن پنگ نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بنیادی قومی مفاد کے تمام معاملات پر چین کی طرف سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط اور لافانی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلق مستقبل میں مزید گہرا اور وسیع ہوگا۔ صدر شی جن پنگ نے سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا‘ صدر شی جن پنگ نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی اور اقتصادی اصلاحات کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کی طرف بھرپور طریقے سے بڑھ رہا ہے۔

تازہ ترین