• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر اسٹیٹ بینک نے مہنگائی کے جھٹکے لگنے کا نہیں کہا، ترجمان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) روزنامہ جنگ میں شائع ہونے والی خبر کے حوالے سے ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے اپنی پوری گفتگو میں یہ نہیں کہا کہ مہنگائی کے جھٹکے لگیں گے بلکہ انہوں نے بار بار یہی کہا کہ مہنگائی کو کم کرنا اسٹیٹ بینک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور مہنگائی کے حوالے سے جو بھی دباؤ ہے وہ کم ہونا شروع ہوگا بالخصوص مالی سال کے دوسرے نصف حصے میں مہنگائی میں کمی ہوگی ۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ مہنگائی کو کم کرنے کے لئے مانیٹرنگ پالیسی سخت کی گئی ہے، اس لئے ہمیں صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور اسٹیٹ بینک مہنگائی کے خلاف کوشاں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کو ہدف بنانا اچھی حکومت ہے کیونکہ اہداف کے حصول کی خاطر سینٹرل بینک خود کو جوابدہ بناتا ہے ،انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خاتمے میں کچھ وقت لگے گا لیکن یہ ہمارا مقصد ہے اور یہ پہلا سال ہے کہ حکومت نے مہنگائی میں کمی کا ہدف دیا ہے جس کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔عوام سے صبر اور مثبت سوچ کی درخواست کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ انشاء اللہ ہم پر امید ہیں کہ صورتحال بہتر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب مشکل فیصلے کیے جاتے ہیں تو کچھ جھٹکے بھی لگ سکتے ہیں اور اسٹیٹ بینک ایسے جھٹکوں سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے پروگرام کے شرکاء سے درخواست کی کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ جائیں یا عالمی سطح پر کچھ ہوجائے تو پریشان نہ ہوں کیونکہ اسٹیٹ بینک ایسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پیچھے بہت برے حالات ہیں اس لئے اچھی چیزوں پر نظر رکھیں انہوں نے امید دلائی کہ اگلے سال حالات بہتر ہوں گے اور اسٹیٹ بینک اچھا کرتا رہے گا۔
تازہ ترین