• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینکنگ اسنوکر: دفاعی چیمپئن بابر مسیح ایونٹ سے باہر

رینکنگ اسنوکر: دفاعی چیمپئن بابر مسیح ایونٹ سے باہر
محمد سجاد، محمد آصف، سہیل شہزاد اور محمد بلال نے فائنل فور میں جگہ بنالی۔

کراچی میں جاری تیسری نیشنل رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن بابر مسیح کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوگئے۔ محمد سجاد، محمد آصف، سہیل شہزاد اور محمد بلال نے فائنل فور میں جگہ بنالی۔

کراچی میں جاری رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن بابر مسیح فائنل فور میں جگہ نہ بناسکے اور کوارٹر فائنل میں سہیل شہزاد کے ہاتھ شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوگئے۔

سہیل شہزاد اور بابر مسیح کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ ایک فریم سہیل شہزاد نے جیتا تو دوسرا بابر مسیح نے اپنے نام کیا۔

مقابلہ چار۔چار سے برابر ہونے کے بعد فیصلہ کن فریم میں سہیل شہزاد نے بابر مسیح پر قابو پاتے ہوئے پانچ۔چار سے فتح اپنے نام کرلی۔

محمد سجاد اور عبدالستار کے درمیان میچ میں بھی دونوں کیوئسٹ نے بھرپور مہارت اورخوبصورت پوٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آخری فریم تک جانے والا یہ میچ محمد سجاد نے چار کے مقابلے میں پانچ فریمز سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ کنفرم کی۔

محمد بلال اور محمد اعجاز کے درمیان میچ بھی آخری فریم تک سنسنی خیز رہا۔ اعجاز نے ابتدائی دو فریمز جیتے، جس کے بعد بلال نے کم بیک کیا اور پھر دونوں نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی، اس دوران شائقین کو بھرپور کیو کنٹرول دیکھنے کا موقع ملا۔

بیسٹ آف نائن فریمز کا یہ میچ محمد بلال نے پانچ۔چار سے اپنے نام کیا۔

ایک اور کوارٹر فائنل میں محمد آصف نے اسجد اقبال کو دو کے مقابلے میں پانچ فریمز سے شکست دیدی۔

چیمپئن شپ کے سیمی فائنل بدھ کو کھیلے جائیں گے، پہلا سیمی فائنل محمد سجاد اور محمد بلال جبکہ دوسرا سیمی فائنل سہیل شہزاد اور محمد آصف کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین