• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم عمران خان تہران اور ریاض میں مصالحت کی کوشش کے لیے کیے گئے دورۂ سعودی عرب کو مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔

وزیرِ اعظم عمران خان وطن واپس پہنچ گئے


دورۂ سعودی عرب کے حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق تہران اور ریاض میں مصالحت کے لیے ایران کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں وزیرِ اعظم نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا، وزیرِ اعظم عمران خان نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتِ حال سے بھی آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات ہوئی، وفود کی سطح پر بھی بات چیت کی گئی، جس کے دوران پاک سعودی تعلقات اور 2 طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیاسی رابطوں اور سفارت کاری سے خطے میں تنازعات کا حل ممکن ہے۔

دورے کے دوران دونوں ملکوں کی قیادت نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت اور روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ اعظم کی سلمان بن عبدالعزیز سے ریاض میں ملاقات

اس موقع پر سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے مسئلے کو پُرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا۔

سعودی قیادت نے اُمید ظاہر کی کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی کوششوں سے خطے میں کشیدگی اور تناؤ میں کمی ہو گی۔

وزیرِ اعظم نے وطن روانگی سے قبل وفد کے ہمراہ روضۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر حاضری دی، نوافل ادا کیے اور ملکی ترقی، خوش حالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر اعلیٰ سعودی حکام اور پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے وزیرِ اعظم عمران خان کو رخصت کیا۔

تازہ ترین