سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندوں کا جمہوری و آئینی حق ہے کہ دھاندلی کی کوششوں کا مقابلہ کیاجائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن منتخب نمائندوں کو پولنگ ڈے پر حلقے کے دورے سے روکنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا رویہ پیپلزپارٹی کو پولنگ کے سازگار ماحول سے محروم رکھنے کی کوشش ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس 11 لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا، حلقے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے معظم عباسی کے درمیان کڑا مقابلہ متوقع ہے۔
حلقے کے 138 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کے عمل کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیے: لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب میں سخت مقابلہ متوقع
چیئرمین پی پی نے کہا کہ جمہوری قوتوں کی جانب سےکسی بھی غیر قانونی اور غیرآئینی اقدام کی مزاحمت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حلقے کے 20 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 50 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
اس نشست پر 2018ء کے الیکشن میں جی ڈی اے کے معظم عباسی کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے پیپلز پارٹی کی ندا کھوڑو کو شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ معظم عباسی کو 26 ایکڑ اراضی چھپانے پر سپریم کورٹ نے نشست خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا تھا، تاہم جی ڈی اے کی جانب سے اس نشست پر ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر معظم علی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔