• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غربت کے عالم میں پہلی پوزیشن لینے والا انس حبیب

کراچی کے علاقے صدر کی ایمپریس مارکیٹ میں 45 سال سے اخبار فروخت کرنے والے محمد حبیب کے بیٹے انس حبیب نے کامرس انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں پہلی پوزیشن لے کر اپنے بوڑھے والدین اور بہن کا سر فخر سے بُلند کرکے اُن کی خواہش پُوری کردی۔

یہ بھی پڑھیے: اخبار فروش کے بیٹے کی انٹرمیڈیٹ امتحان میں پہلی پوزیشن

گزشتہ ہفتے 19 اکتوبر کو کراچی اعلیٰ ثانوی تعلیم بورڈ کی جانب سے انٹر کامرس کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں ہونہار طالب علم انس حبیب نے 1100 نمبر میں سے 969 لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

والد کا بک اسٹال ہیوی مشینری کی زد میں آگیا تھا

انس کے والد حبیب پچھلے 45 سال سے صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے سامنے اخبارات اور رسالوں کا ا سٹال لگا رہے تھے جو مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مسمار کردیا گیا۔

والد کا بک اسٹال ہیوی مشینری کی زد میں آگیا تھا، جس کہ وجہ سے انہیں کافی نقصان اُٹھانا پڑا اور چونکہ یہ اسٹال اُن کی روٹی روزی کا واحد ذریعہ تھا اس لیے اُنہوں نے کئی دن تک زمین پر کپڑا بچھا کر اخبارات اور رسالے بیچے۔

یہ بھی پڑھیے: غربت و کسمپرسی کے باوجود انس حبیب نے کارنامہ سر انجام دیا ہے

انس کے والد نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ  مالی وسائل اور غربت کے باوجود اُنہوں نے ہمت نہیں ہاری بلکہ اپنے بچوں کو تعلیم دِلوائی اور اچھے کالجز میں داخلہ کروایا۔

انس کے والد نے کبھی بیٹے اور بیٹی میں کوئی فر ق نہیں کیا، اُنہوں نے شدید بُرے حالات میں بھی انس سے پارٹ ٹائم نوکری نہیں کروائی بلکہ بیٹے  سے  پُوری توجہ تعلیم کی طرف دینے کی ہدایت کی۔

نتائج کا اعلان ہوا تو والد کی آنکھوں میں آنسوآگئے

انس حبیب نے بتایا کہ جب انٹر بورڈ کی جانب سے مجھے کال آئی اور اُنہوں نے مجھے بتایا کہ ٹاپ 6 پوزیشن ہولڈرز میں آپ کا نام ہے تو مجھے یقین نہیں آرہا تھا اور میں نے اپنے گھروالوں کو بتایا تو وہ بےحد خوش ہوئے۔

انس نے کہا کہ جب رزلٹ والے دِن پہلی پوزیشن کے لیے میرا نام پُکارا گیا تو پہلے میں حیران ہوگیا کہ میں نے پہلے پوزیشن کیسے حاصل کرلی اور جب میں نے اپنے والد کی جانب دیکھا تو میرے والد کی آنکھیں آنسوؤں  سےتر تھیں ، اُس وقت ہماری خُوشی کی انتہا نہیں تھی۔

انس کا پیغام

انس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بہت خوش ہوں میں نے اپنے والدین اور بہن کا خواب پُورا کردیا اور میں تمام نوجوان نسل کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اپنے والدین کو خوش کرنے اور اُن کی خواہشات کو پُورا کرنے کے لیے ہر مُمکن کوشش کریں پھر چاہے اِس کے لیے آپ کو اپنی خواہشات کو ہی کیوں نہ مارنا پڑے کیونکہ اِس سے آپ دُنیا کے ساتھ ساتھ آخرت میں کامیاب ہوجاؤ گے۔

انس حبیب کو ذہانت کی بنیاد پر کالج کی جانب سے اسکالرشپ بھی ملی ہوئی تھی جس کی وجہ سے انس کو نجی کالج میں تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملی۔

واضح رہے کہ انٹر کامرس میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبِ علموں کا تعلق بھی انس کے کالج سے ہی ہے۔

تازہ ترین