• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار آرنلڈ شوازینگر نے بھارت جانے کی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کردی۔

 آرنلڈ شوازینگر سے متعلق خبریں گردش کررہی تھیں کہ وہ رواں برس نومبر میں بھارتی ریاست مہاراشڑا میں منعقد ہونے والے فٹنس مقابلے میں شرکت کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آرنلڈ نے واضح کیا ہے کہ اُن کی بھارت جانے کی خبریں جعلی ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران آرنلڈ نے کہا کہ اُن کے پاس ابھی بھارت جانے کا وقت نہیں، اگر وقت ملا تو مستقبل میں وہ اس حوالے سے سوچیں گے۔

72 سالہ لیجنڈ اداکار کو ٹرمینیٹر سیریز، پریڈیٹر اور متعدد فلموں نے ہالی ووڈ کا سپر اسٹار بنادیا ہے، ان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔

آرنلڈ  2003 سے 2011 تک امریکی ریاست  کیلیفورنیا کے گورنر بھی رہے ہیں۔

خیال رہے کہ آرنلڈ نے پروفیشنل ویٹ لفٹر اور باڈی بلڈر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا، بعد ازاں وہ اداکاری کے شعبے میں آئے۔

فی الحال آرنلڈ بڑے پردے پر دشمنوں کے خلاف اپنا زور بازو آزماتے نظر آئیں گے۔ ان کی فلم ٹرمینٹر سیریز کا چھٹا حصہ ٹرمینیٹر ڈارک فیٹ یکم نومبر کو ریلیز ہورہی ہے۔

ٹم ملر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم میں ایک بار پھر سےآرنلڈ شوازینگر طاقتور روبوٹک مشین کے کردار میں جلوہ گر ہورہے ہیں۔

فلم کے دیگر اداکاروں میں یکنزی ڈیوس، لنڈا ہملٹن، جڈیاگو بونیٹا، گیبریل لونااور نٹالی ریس سمیت کئی فنکار شامل ہیں۔

تازہ ترین