مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظو ر ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کی دعاؤں سے آج عدالت عالیہ نے میاں نواز شریف کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج نوازشریف کی ضمانت پوری قوم کے لیے خوشی کی لہر ہے۔
یہ بھی پڑھیے: نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور
شہباز شریف نے کہا کہ میاں صاحب اس وقت شدید قسم کی بیماری میں مبتلا ہیں، کل تک مرض کی تشخیص نہیں ہوسکی تھی تاہم ڈاکٹرز ان کی صحت کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز ابھی تک مرض کی وجہ تک سو فیصد نہیں پہنچ سکے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پیر کو مریم نواز کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوگی، قوم ان کے لیے بھی دعا کرے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے نوازشریف کی چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کی درخواست طبی بنیاد پر منظور کرلی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نوازشریف اور مریم نواز کی چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔