• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کی صحت بدستور تشویشناک، سینے میں تکلیف، گردے بھی متاثر

نواز شریف نے کسی اور جگہ جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا، ڈاکٹر محمود ایاز


لاہور (نمائندہ جنگ )سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی صحت تاحال تشویشناک ہے اور انکے پلیٹ لیٹس ایک بار پھر 45ہزار کی سطح سے کم ہو کر 25ہزار پر آگئے ہیں جسکی وجہ سے انکے گردے بھی متاثرہور ہے ہیں اور وہ سینے میں مسلسل تکلیف محسوس کر رہے ہیں، ان کا ٹروپ ٹی اور ٹروپ آئی ٹیسٹ دوبارہ پازیٹو آیاہے جس پر ڈاکٹر وں کو تشویش ہے،تاہم میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے نواز شریف کی طبیعت کو قدرے بہتر قرار دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب تک علاج مکمل نہیں ہو جاتا نواز شریف سروسز اسپتال میں ہی ہیں، نواز شریف نے کسی اور جگہ جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ چھٹے روز بھی برقرارہےگزشتہ روز نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 45 ہزار تک جاچکی تھی جس پر ڈاکٹروں کی جانب سے یہ توقع کی جارہی تھی کہ نواز شریف کا جسم پلیٹ لیٹس پیدا کرنا شروع ہوگیا ہے مگر اتوار کے روز تازہ ترین رپورٹس کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد دوبارہ کم ہو کر 25 ہزار پر آ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کا 5 روزہ 60 انجکشن کا کورس آج پورا ہو جائے گا جس کے بعد اب نیا علاج شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سےآج دوبارہ مشاورتی اجلاس بھی بلا لیا گیا ہے۔دوسری جانب سربراہ میڈیکل بورڈ ڈاکٹر محمود ایاز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کی کچھ ادویات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ انکی طبیعت قدرے بہتر ہے اور لیٹ لٹس آج مستحکم ہیں۔جب تک ان کا علاج پورا نہیں ہو جاتا یا جب تک خود نواز شریف کسی دوسرے اسپتال منتقل ہونے کا نہیں کہتے، تب تک انہیں سروسز اسپتال میں ہی علاج کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز معمولی نوعیت کے ہارٹ اٹیک کے بعد شروع کی جانے والی ادویات بند کر دیں جن میں خون پتلا کرنے والی ادویات بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین