کھانا ہماری صحت اور تندرستی کے لیے بے حد ضروری ہے۔ کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ ہم زندہ رہنے کے لیے کھاتے ہیں یا کھانے کے لیے زندہ رہتے ہیں؟ بہرحال، کئی مرتبہ ایسا وقت بھی آتا ہے جب انسان اپنے مصروف شیڈول میں پھنس جاتا ہے اور اُس کے پاس کھانے کے لیے وقت نہیں ہوتا۔
ماہرین کے مطابق واحد صبح کا وقت ایسا ہے جب انسان کچھ دیر اپنے لیے وقت نکال کر کچھ اچھا کھانے کے بارے میں سو چ سکتا ہے۔ اسی لیے ہمیشہ صبح کا ناشتہ اچھا کرنے کی تاکید کی جاتی ہے۔ تاہم، کچھ لوگ اس حوالے سے پریشان نظر آتے ہیں کیونکہ انہیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کون سی غذائیں خالی پیٹ فائدہ مند اور کون سی غذائیں ہماری صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
نہار منہ کھانے والی غذائیں
تازہ پھل:
ایک تحقیق کے مطابق پھل ہماری صحت کے لیے اہم اور ناقابل یقین حد تک صحت مند ہیں۔ پھلوں میں وٹامنز، غذائی اجزاء، فائبر اور پانی کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مناسب طریقے سے اپنی خوراک میں پھلوں کو شامل کرنے سے عمل انہضام بہتر ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ بتایا گیا ہے کہ نہار منہ پھل کھانے سے جسم کو بہت زیادہ توانائی ملتی ہے، وزن میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے اور یہ پورے دن کے لیے ضروری توانائی مہیا کرتے ہیں۔
بھیگے بادام:
آن لائن ذرائع کے مطابق بادام مینگنیز، وٹامن ای، پروٹین، فائبر، اومیگا 3 اور ومیگا 6 فیٹی ایسڈ سے بھرپوہوتے ہیں۔ لیکن اگر ہم بادام کا صحیح طرح سے استعمال نہیں کریں گے تو اس کے فوائد سے محروم ہوسکتے ہیں۔ بادام کو کھانے کا درست طریقہ یہ ہے کہ انہیں رات میں ہمیشہ بھگو دیں اور پھر صبح نہار منہ کھائیں۔
انڈا:
روزانہ ایک انڈا کھانے کے بے شمار فوائد ہیں۔ صبح نہار منہ ایک انڈا کھانے سے سارا دن انسان چست و توانا رہتا ہے جبکہ بہت دیر تک بھوک کا احساس بھی نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ روزانہ ایک انڈا وزن کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
سیب:
سیب کو کرشماتی پھل کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، کیونکہ سیب میں فائبر موجود ہوتا ہے جو جسم میں پانی کو اپنی جانب کھینچ کر ایک جیل تشکیل دیتا ہے جو غذا کے ہضم ہونے کا عمل سست کرتا ہے۔
روزانہ ایک سیب سے زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس ہوتا ہے اور بلڈ شوگر لیول میں مستحکم جبکہ انسولین کی حساسیت بہتر ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ ایک سیب روزانہ فالج کی روک تھام کرتا ہے، ایک ڈچ تحقیق کے دوران 10 برسوں تک 20 ہزار سے زائد افراد میں پھلوں اور سبزیوں کے استعمال کا جائزہ لیا گیا، نتائج سے معلوم ہوا کہ سرخ سیب کھانے کی عادت رکھنے والوں میں فالج کا خطرہ 9 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
نیم گرم پانی اور شہد:
شہد میں منرلز، وٹامنز اور دیگر ضروری غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو آنتوں کو صاف ستھرا رکھنے کےلیے بے حد ضروری ہیں۔ خالی پیٹ نیم گرم پانی میں شہد ڈال کر پینے سے جسم میں موجود تمام زہریلے اور جراثیمی عناصر ختم ہوجاتے ہیں۔
اس کے علاوہ شہد میٹابولزم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ جسم میں اینرجی بھی پیدا کرتا ہے۔
تربوز:
صبح نہار منہ تربوز کھانا انسانی جسم کے لیے بہت مفید ہے کیونکہ تربوز میں لائکوپین کی زیادہ مقدار موجود ہے جو آنکھوں اور دل کے لیے موثر ہے۔