• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی پہلے نہیں، اب آئی ہے: شہباز شریف



مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کہتے ہیں کہ تبدیلی پہلے نہیں آئی تھی، اب آئی ہے۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عوامی سمندر پی ٹی آئی کے سلیکٹڈ وزیرِ اعظم عمران خان کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا، اس عظیم الشان آزادی مارچ کو لیڈ کرنے پر مولانا فضل الرحمٰن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہاں لاکھوں لوگ موجود ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کا مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں نکلنے والا آزادی مارچ اسلام آباد میں موجود ہے۔

پختون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے بعد مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف بھی جلسہ گاہ پہنچ گئے ہیں جہاں سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔

اسلام آباد میں ایچ نائن جلسہ گاہ میں آزادی مارچ کے شرکاء نے مولانا فضل الرحمٰن کی امامت میں نمازِ جمعہ ادا کی، جس کےبعد جلسے کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی آپ نے کنٹینر کی سیاست شروع کی تھی، آج تمہاری کنٹینر کی سیاست یہاں پر دفن ہو رہی ہے، میرے قائد نواز شریف کی قیادت میں اسپتالوں میں مفت دوائیں غریب اور نادار لوگوں کو ملتی تھیں، آج ان سے دوائیاں چھین لی گئی ہیں۔

تبدیلی پہلے نہیں، اب آئی ہے: شہباز شریف
مولانا فضل الرحمٰن نمازِ جمعہ کی امامت کرتے ہوئے
تبدیلی پہلے نہیں، اب آئی ہے: شہباز شریف
شرکائے آزادی مارچ نمازِ جمعہ ادا کر رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ اس سال 50 ہزار لوگ ڈینگی وائرس سے بیمار ہوئے، سیکڑوں انتقال کر گئے، عمران نیازی کہیں نظر نہیں آیا، آج روزگار، کاروبار ختم ہو گیا، روٹی دو روپے سے پندرہ روپے پر پہنچ گئی، سوا سال میں عوام کی چیخیں نکل گئیں، آج دن آگیا ہے کہ عمران خان کی چیخیں نکل جائیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں اس جعلی حکومت سے جان چھڑانی چاہیے،جب تک عمران نیازی سے پاکستان کی جان نہیں چھوٹتی، ہم ان کی جان نہیں چھوڑیں گے، آج مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے،عمران خان مغرور ہیں، ان کا بھیجا خالی ہے، عمران خان جادو ٹونے سے حکومت چلا رہے ہیں۔

شہباز شریف سے قبل محمود خان اچکزئی نے بھی جلسے سے خطاب کیا، مولانا فضل الرحمٰن بعد میں خطاب کریں گے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ملک بھر سے جمعیت علمائے اسلام ف کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، گرفتاری سے رہائی ملنے کے بعد جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اللّٰہ بھی کارکنوں کے ہمراہ آزادی مارچ میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔

مفتی کفایت اللّٰہ کو 27 اکتوبر کو تھری ایم پی او کے تحت اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: آزادی مارچ کے شرکاء کے جھولا جھولنے کی ویڈیو وائرل

جلسہ گاہ میں آزادی مارچ کے شرکاء اپنی جماعت اور آزادی کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

اس سے قبل آج جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنان نے خواتین رپورٹرز کو دھرنے کی کوریج کرنے سے روک دیا۔

نجی ٹی وی کی خاتون اینکر کو جے یو آئی ایف کے کارکنوں نے گھیر لیا اور جلسہ گاہ سے نکال دیا۔

تازہ ترین