بلوچستان کی پہلی وی لاگر انیتا جلیل بلوچی فلم ’بلوچ آباد‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
فلم ’بلوچ آباد‘ کی ہدایتکاری شاکر سعد نے کی ہے اور اس کی شوٹنگ اندرون سندھ اور کراچی میں کی گئی ہے۔
فلم کم عمری کی شادی، خواتین کو بااختیار بنانے اور تعلیم کی اہمیت جیسے موضوع پر بنائی گئی ہے۔
فلم کا ٹریلر حال ہی میں آن لائن جاری کیا گیا ہے۔
انیتا جلیل کون ہیں؟
بلوچستان کے شہر گوادر سے تعلق رکھنے والی انیتا جلیل گوادر کی پہلی وی لاگر ہیں۔
اپنے موبائل کے کیمرے اور سوشل میڈیا کے ذریعےبلوچستان کے حسین نظاروں اور قدرتی خوبصورتی سے بھرپور وادیوں کی سیر کروانے والی21 سالہ انیتا جلیل کو بلوچستان کی پہلی خاتون وی لاگر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
انیتا ویڈیوز بنا کر دنیا کو اپنے علاقے کی خوبصورتی دکھاتی ہیں۔ انیتا نے اپنے وی لاگز کے ذریعے سیاحوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ خوبصورت جگہیں بھی متعارف کروائیں۔
انیتا کے وی لاگز کا مقصد؟
انیتا کا کہنا ہے کہ وی لاگ شروع کرنے کا مقصد باہر کے لوگوں کو گوادر کی خوبصورتی اور لوگوں کے بارے میں بتانا ہے۔
انیتا کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کا کیمرے کے سامنے آنا مشکل ترین مرحلہ ہے، اپنے اس شوق کی تکمیل کے لیے والدین کو تین سال تک قائل کرنا پڑا۔
انیتا کی ویڈیوز کو نا صرف بلوچستان کے مقامی لوگ بلکہ باہر ملک کے لوگ بھی دیکھتے اور پسند کرتے ہیں۔
انیتا کا کہنا ہے کہ انہیں شروع میں لوگوں کی طرف سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انیتا کا کہنا ہے کہ وہ کوشش کر رہی ہیں کہ پسماندہ علاقوں کو خواتین کی تعلیم سمیت تمام مسائل کو اپنے وی لاگز کے ذریعے لوگوں کے سامنے لائیں ۔
انیتا اور سوشل میڈیا
انیتا کئی شعبوں میں گوادر اور بلوچستان کی لڑکیوں کے لیے مثال ہیں۔وی لاگنگ ان کے بہت سے منصوبوں میں سے ایک ہے۔
وہ ایک شہری صحافی کے طور پر بھی کام کرتی ہیں، ایک چھوٹا سا آن لائن شاپنگ کا کاروبار بھی چلاتی ہیں اور گوادر میں تقاریب کی میزبانی کے ساتھ ساتھ تھیٹر میں اداکاری بھی کرتی ہیں۔
ایک وی لاگر ہونے کی وجہ سے انیتا سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آتی ہیں۔ اُن کے یوٹیوب چینل پر 67 ہزار سے زائد سبسکرائیبرز ہیں۔
بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں انیتا جیسی ہونہار اور قابل لڑکیا ں یقیناً امید کی پہلی کرن ثابت ہوں گی جو اپنے فن کے ذریعے ناصرف لوگوں تک اپنی آواز پہنچانے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ صوبے کا مثبت چہرہ بھی دنیا کے سامنے عیاں کریں گی۔