راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کی طبیعت خراب ہو گئی جس کے بعد انہیں اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پمز اسپتال اسلام آباد میں شاہد خاقان عباسی کا طبی معائنہ کیا گیا۔
ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا کارڈیک سینٹر میں دل، گردے اور ہرنیا کا چیک اپ کیا گیا۔
چیک اپ کرانے کے بعد سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی پمز سے واپس جیل روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ نون کے سینئر نائب صدر، سابق وزیر اعظم و وزیرِ پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں 18 جولائی کو گرفتار کیا تھا۔
نیب کی درخواست پر احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے ریمانڈ میں 19 نومبر تک توسیع کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: شاہد خاقان کو زرداری جیسی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم
نیب نے شاہد خاقان کے خلاف تاحال ریفرنس دائر نہیں کیا جبکہ احتساب عدالت ان کے ریمانڈ میں کئی بار توسیع کر چکی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے 28 اکتوبر کو احتساب عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے میری سرجری تجویز کی ہے لہٰذا عدالت مجھے اپنے خرچ پر شفا انٹرنیشنل اسپتال سے علاج کرانے کی اجازت دے۔
اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے عدالت سے یہ استدعا بھی کی تھی کہ ان کا کیس میڈیا پر براہِ راست دکھایا جائے تاکہ پورا ملک دیکھ سکے کہ منتخب نمائندے کتنے کرپٹ ہیں۔