• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دے دی


آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کرلی ہے۔

میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کی طرف سے دیا گیا 151 رنز کا ہدف صرف 3 وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 150 رنز بنائے، گرین شرٹس کی طرف سے افتخار احمد 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان بابر اعظم 50رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔

پاکستان کی طرف سے اوپنر فخر زمان 2، حارث سہیل 6، محمد رضوان 14، آصف علی 4 اور عماد وسیم 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم نے اپنی نصف سنچری 38 گیندوں پر بنائی، انہوں نے اس دوران 6 چوکے بھی لگائے جبکہ افتخار احمد نے 34 گیندوں پر ناقابل شکست 62 رنز بنائے، انہوں نے اس دوران 3 چھکے اور 5 چوکے مارے۔

آسٹریلیا کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ میدان میں اترے، پاکستان کو پہلی کامیابی 30 کے اسکور پر محمد عامر نے دلوائی، جنہوں نے ڈیوڈ وارنر کو 20 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا۔

کپتان ایرون فنچ کو 48 کے مجموعے پر محمد عرفان نے بابر اعظم کی مدد سے قابو کیا، وہ صرف 17 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

تیسری وکٹ پر اسٹیو اسمتھ اور میک ڈرمٹ نے اسکور 106رنز تک پہنچادیا، 13ویں اوور کی آخری گیند پر عماد وسیم نے 21 رنز پر کھیل رہے ڈرمٹ کو ایل بی ڈبلیو کیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے اسٹیو اسمتھ نے 51 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جو فتح گر ثابت ہوئی، اس دوران انہوں نے 11 چوکے اور 1 چھکا بھی لگایا۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر، محمد عرفان اور عماد وسیم نے1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔

آسٹریلیا، پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی کررہا ہے، جس کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا تاہم دوسرے میچ میں کامیابی آسٹریلیا کے نام رہی جبکہ سیریز کا ایک میچ ابھی باقی ہے۔

تازہ ترین