• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا نام ECL سے نکالنے کا معاملہ، اجلاس رات تک ملتوی

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس اب تک بے نتیجہ رہا ہے۔

اجلاس میں اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے جو اب رات ساڑھے 9 بجے ہو گا۔

کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ وزیرِ قانون فروغ نسیم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ تھوڑا پیچیدہ ہے، تاہم کمیٹی میرٹ پر فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزار اور ان کے وکلاء مکمل تیار نہیں تھے، فریقین مکمل دستاویزات نہیں لائے اس لیے تاخیر ہوئی۔

فروغ نسیم نے یہ بھی کہا کہ نیب کو بہت سی دستاویزات لانی تھیں جو اس نے پیش نہیں کیں، اب درخواست گزاروں اور ان کے وکلاء کو یہ دستاویزات لانے کو کہا ہے۔

نواز شریف کا نام ECL سے نکالنے کیلئے اجلاس


اسے سے قبل آج صبح نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، وزیرِ قانون فروغ نسیم  کی زیرِ صدارت ہوا جو دوپہر تک جاری رہا۔

اجلاس کے دوران کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے پراسیکیوٹر جنرل قومی احتساب بیورو (نیب) کو طلب کر لیا۔

 نواز شریف کے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کہتے ہیں کہ ذیلی کمیٹی کا اجلاس ان کیمرا ہے، جس میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔

حکومتی ارکان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نواز شریف کے علاج سے متعلق بیرونِ ملک روانگی کے لیے نیب کا واضح مؤقف درکار ہے۔

اجلاس میں موجود نیب کے نمائندے واضح مؤقف دینے سے گریزاں نظر آئے۔

دوسری جانب مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ نواز شریف کی صحت بگڑ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ECL سے نام نہ نکل سکا، نواز شریف کی لندن روانگی منسوخ

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ‎ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کو جتنی جلد بیرونِ ملک منتقل کیا جائے، اتنا بہتر ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ‎بیرونِ ملک ڈاکٹروں کا چیلنج نواز شریف کے مرض کی تشخیص اور پلیٹ لیٹس میں کمی کی وجہ جاننا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ نون نے یہ بھی بتایا کہ سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کو بیرونِ ملک لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس کل لاہور پہنچے گی۔

تازہ ترین