• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کارکنوں کو تنگ کرکے ماحول مزید خراب نہ کرے، فضل الرحمان

حکومت کارکنوں کو تنگ کرکے ماحول مزید خراب نہ کرے، فضل الرحمان


جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دے دیتے تو احتجاج ملک بھر میں نہیں پھیلتا، حکومت جے یو آئی کے کارکنوں کو تنگ کرکے ماحول مزید خراب نہ کرے۔

پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان واحد اپوزیشن لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں جبکہ چوہدری شجاعت نے کہا کہ مولانا صاحب نے جمہوریت کی بات کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مولانا فضل الرحمٰن کا دھرنا ناکام ہوگیا، شوکت یوسف زئی

چودھری پرویز الہٰی اور چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج سینیٹر طلحہ نے چائے کی دعوت پر مجھے اور چودھری صاحبان کو بلایا، آزادی مارچ کےدوران بھی چودھری برادران کوشش کرتے رہے کہ کوئی حل نکل آئے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اپنی جگہ پر قائم ہیں حکومت بھی استعفیٰ نہ دینے کے موقف پر قائم ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مولانا کا پلان بی سیاسی بدحواسی پلان ہے ‘فردوس عاشق

انہوں نے کہا کہ چودھری برادران سمجھتے ہیں اتنا بڑا پرامن اجتماع اس سے پہلے نہیں دیکھا، ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں کارکن جمع ہوئے اور سیاست میں نئی روایت کی بنیاد ڈالی۔

امیر جے یو آئی (ف) نے مزید کہا کہ کوشش ہے ملک میں صحتمند اور خودمختار جمہوریت آئے، ایسا نہ ہو کہ عوام کچھ اور فیصلہ دے اور نتیجہ کچھ اور آئے۔

یہ بھی پڑھیے: مولانا فضل الرحمٰن کامیاب ہوگئے

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کو جاری رکھے ہوئے ہیں، ملک بھر میں اجتماعات شروع ہو چکے ہیں، اہم شاہراہوں پر اجتماعات جاری ہیں، مسافروں اور ایمبولنسز کو راستہ دینے کا کہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ انتظامیہ احتیاط سے کام لے احتجاج ہمارا حق ہے۔

ٹماٹر کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹماٹر تین سو روپے کلو مل رہا ہو تو عوام کیا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے: کہاں دھرنا ہوگا، کونسی شاہراہ بلاک ہوگی؟

اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ  یہ پہلا موقع تھا کہ مولوی اور پولیس ایک ساتھ ہوں اور لڑائی نہ ہو، اللّٰہ کا شکر ہے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نظام لایا جائے جو عوام کی توقعات پر پورا اترے۔

ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت نے کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب کی قیادت میں ثابت ہوگیا کہ وہ واحد اپوزیشن لیڈر ہیں، اسمبلی کے اندر اور باہر کوئی اور اپوزیشن لیڈر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کی جماعت کا ڈسپلن تھا، پہلے دھرنوں میں گولی بھی چلی لوگ زخمی بھی ہوئے، مولانا کی قیادت کو مان گئے ہیں۔

تازہ ترین