• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی ٹاپ کرکٹرز کو سپر لیگ کیلئے قائل کرنے میں مصروف

ابوظبی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ ابوظبی ٹی ٹین کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے لیکن اس وقت پی سی بی کے ایک افسر عمران احمد ابوظبی میں موجود اور دنیا کے صف اول کے کھلاڑیوں اور ان کے ایجنٹس سے ملاقاتیں کرکے ان سے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لئے قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کئی کرکٹرز کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ پی ایس ایل کی فرنچائز ٹی ٹین لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ شریک ہے۔ پی سی بی کو توقع ہے کہ آئندہ سال پہلی بار پاکستان میں ہونے والی سپر لیگ میں دنیا کے تمام صف اول کے کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ابوظبی ٹی ٹین میں پاکستان کے علاوہ ٹی ٹین کے مشہور کرکٹرز شرکت کررہے ہیں۔ عمران احمد نے ایک چھت تلے موجود تمام کھلاڑیوں کی موجودگی کا فائدہ اٹھایا ہے۔ ٹی ٹین میں انگلش کپتان مورگن، ڈیرن سیمی، آندرے رسل سمیت دنیا کے پچاس سے زائد مشہور کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ پی سی بی ان کھلاڑیوں کو اپنا پلان دے گا اور ان کے ساتھ پاکستان آنے کا معاہدہ طے کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا اعلان کر رکھا ہے اور کئی کھلاڑیوں کی جانب سے پی ایس ایل کھیلنے پر آمادگی کا مطلب یہ ہے کہ یہ پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ اکیس نومبر ہے، جس کی وجہ سے اگلے چند دنوں میں مزید غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے شرکت پر رضامندی متوقع ہے۔قواعد وضوابط کے مطابق ہر 16 سے 18 رکنی ہر ٹیم میں پانچ یا چھ غیر ملکی کرکٹرز کی شمولیت لازمی ہے۔ ہر ٹیم پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹگری میں تین تین جبکہ سلور کیٹگری میں پانچ اور ایمرجنگ کیٹگری میں دو کرکٹرز ہوتے ہیں۔

تازہ ترین