• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کےڈی اے فلیٹس شادمان ٹاؤن سے 2 لاشیں برآمد

کراچی: کےڈی اے فلیٹس شادمان ٹاؤن سے 2 لاشیں برآمد


کراچی کے علاقے نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن میں واقع کے ڈی اے فلیٹس سے 2 افرادکی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ 2 افراد زخمی حالت میں ملے ہیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو ناظم آباد میں واقع عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اسپتال میں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں باپ اور بیٹی جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ ماں اور بیٹا زخمی حالت میں ہیں، چاروں افراد کے سروں پر ضربوں کے نشانات ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی کے پارک سے 3 تشدد زدہ لاشیں بر آمد

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 40 سالہ کاشف اور اس کی 8 سالہ بیٹی زینب جبکہ زخمیوں میں 35 سالہ صوفیہ اور 10 سالہ بیٹا ایان شامل ہیں۔

واقعے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے، اس حوالے سے پولیس تفتیش کر رہی ہے۔

واقعے سے متعلق چوکیدار کا انکشاف

شادمان ٹاؤن میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے حوالے سے کے ڈی اے فلیٹس کے چوکیدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو میں صفائی کر رہا تھا، پہلے مجھے شور کی آواز آئی، آگے جا کر دیکھا تو کاشف زمین پر پڑا ہوا تھا۔

چوکیدار کا مزید کہناہے کہ میں بلڈنگ کے صدر کو واقعے کے متعلق بتانے چلا گیا، اسی دوران کاشف کے رشتےدار بھی آ گئے۔

چوکیدار نے یہ بھی بتایا کہ میں یہاں 2 سال سے چوکیداری کر رہا ہوں، جبکہ مقتول کاشف اپنے اہل خانہ کے ساتھ 8، 9 سال سے یہاں رہائش پزیر تھا۔

رشتے داروں نے کہا پنکھا گرا ہے، علاقہ مکین

ایک علاقہ مکین نے میڈیا کو بتایا کہ کاشف چوتھی منزل سے تیسری منزل پر آیا تھا جس کے بعد اس نے ایک محلے دار سے موبائل لیا اور اپنے رشتے دار کو فون کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کاشف نے یہ کہہ کر فون لیا کہ اس کے بچے گھر میں لاک ہو گئے ہیں، تھوڑی دیر بعد چھت سے کاشف کے گرنے کی آواز آئی، 5 منٹ میں ان کے رشتے دار بھی پہنچ گئے۔

علاقہ مکین نے بتایا کہ رشتے دار ریکسیو والوں کے ساتھ فلیٹ کے اندر چلے گئے، فلیٹ سے زخمی بچوں اور خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گھر کے اندر ایک پنکھا پنکھڑیوں کے بغیر دیکھا، پنکھے کے ساتھ ایک خون آلود ہتھوڑا بھی موجود تھا، رشتے داروں نے کہا کہ گھر والوں پر پنکھا گر گیا ہے۔

تازہ ترین