پنجاب کے اکثر علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، قومی شاہراہ پر صبح سویرے سے لاہور سے اوکاڑہ تک دھند پھیلی ہوئی ہے، جس سے حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی ہے اور سڑکوں پر دیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق لاہور سے مانگا منڈی، پتوکی سے لے کر اوکاڑہ تک حدِ نگاہ 150 میٹر تک ہے۔
موٹر وے ایم ٹو پر ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو انٹر چینج تک موٹر وے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ بورے والا، شکر گڑھ، حجرہ شاہ مقیم، چوہنگ، چونیاں، چھانگا مانگا، کنگن پور، پتوکی، پھول نگر، چیچہ وطنی، گوجرہ، چشتیاں، لاہور کے رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
موٹر وے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث کئی مقامات پر حدِ نگاہ 5 سے 7 میٹر تک اور کئی مقامات پر صفر رہ گئی۔
یہ بھی پڑھیئے: دھند میں اضافہ، پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد موٹروے بند
ترجمان موٹر وے پولیس نے ان علاقوں میں سفر کر نے والوں کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ تیز رفتاری سے بچیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، ڈرائیور حضرات معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔