• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اور پنجاب میں آج سے دھند کا آغاز

محکمۂ موسمیات نے آج سے بالائی سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی پیش گوئی کر دی، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ خشک سردی کے باعث لوگ موسمی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہے گا۔

آزاد کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے بعد ٹھنڈ بڑھتی جا رہی ہے۔



خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں مطلع صاف ہے تاہم یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے سبب لوگوں کے معمولاتِ زندگی بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں۔

ادھر سندھ اور پنجاب کے شہروں میں بھی روز بروز موسم سرد ہوتا جا رہا ہے۔

خیبر پختون خوا کے بالائی مقامات، کشمیر اور اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں اور لاہور، راولپنڈی، بہاولپور، بہاولنگر، خان پور، لیہ، قصور، خانیوال، اوکاڑہ، ساہیوال، نارووال، اٹک، ژوب اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش خیبر پختون خوا کے ضلع دیر میں 44 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پٹن اور مالم جبہ میں 40 ملی میٹر بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیئے: موسم سے خراب مزاج کو کیسے تبدیل کریں؟

بلوچستان کے ضلع زیارت میں برف باری شروع ہو گئی ہے، اب تک ایک فٹ برف پڑ چکی ہے، درخت اور پہاڑ برف سے ڈھک گئے ہیں۔

برف باری کے بعد وادیٔ زیارت انتہائی خوب صورت منظر پیش کر رہی ہے، سیاحوں نے برف باری دیکھنے کے لیے یہاں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔

بلتستان ڈویژن میں 4 روز سے مطلع ابر آلود ہے، کئی روز سے جاری خشک سردی کے باعث شہری موسمی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

استور اور غذر میں برف باری اور بارش کے بعد تیز ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین