پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی ان فٹ ہوکر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ سی ٹی اسکین میں حسن علی کی پسلیوں میں فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے، فاسٹ بولر کی آٹھویں اور نویں پسلی میں فریکچر ہوا ہے۔
پی سی بی کے مطابق حسن علی کو فریکچر سے نجات کے لیے 6 ہفتے درکار ہیں، وہ پیر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب کا آغاز کریں گے۔
اس سے قبل حسن علی نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد قائداعظم ٹرافی کے نویں راؤنڈ میں شرکت کے لیے 22 نومبر کو سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو دوبارہ جوائن کیاتھا تاہم میچ سے قبل حسن علی نے درد کی شکایت کی تھی۔
کراچی میں ابتدائی اسکین میں فاسٹ بولر کی پسلی میں فریکچر کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد لاہور میں اسکینز کے بعد فریکچرکی تصدیق ہوگئی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ گیارہ دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہو گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔
مہمان ٹیم کی قیادت دیموتھ کرونارتنے کریں گے، جبکہ اینجیلو میتھیوز، چندی مل، کوشل پریرا، نیروزن ڈک ویلا، سرنگا لکمل، لکشن سنداکان، کاسون راجیتھا، وشوا فرنینڈو، لاہیرو کمارا، لاستھ ایمبولدینیا، دلروان پریرا، دھننجایا ڈی سلوا، لاہیرو تھیریمانے اور اوشادا فرنینڈو بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔