• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکر! 61 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے سے بچ گیا


ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹرپل سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کپتان اظہر علی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ 

ایڈیلیڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستانی ٹیم 96 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ 

آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 589 رنز 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر ڈکلیئر کی تھی۔

پہلی اننگز میں ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف رنز کے انبار لگاتے ہوئے نہ صرف پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ٹرپل سنچری اسکور کی بلکہ چند ریکارڈز بھی اپنے نام کرلیے۔ 

ڈیوڈ وارنر نے 335 رنز کی اننگز کھیلی جس کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب بڑا انفرادی اسکور بنانے والے دوسرے آسٹریلین بیٹسمین بن گئے۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن کے پاس ہے جنہوں نے اکتوبر 2003 میں پرتھ کے مقام پر زمبابوے کے خلاف 380 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔

اس اننگز میں ہیڈن نے برائن لارا کے 375 رنز کے سب سے بڑے انفرادی ٹوٹل کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا تاہم لارا نے اپریل 2004 میں انگلینڈ کے خلاف سینٹ جونز کے مقام پر 400 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کر لیا تھا۔

وارنر ڈے نائٹ ٹیسٹ میچز میں سب سے بڑا اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں جنہوں یہ اعزاز پاکستانی کپتان اظہر سے چھینا ہے۔ 

اظہر علی نے اکتوبر 2016 میں دبئی کے مقام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلتے ہوئے 302 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اسی طرح وارنر پاکستان کے خلاف ٹرپل سنچری بنانے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ان سے قبل سر گیری سوبرز نے فروری 1958 میں کنگسٹن میں 365 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جو پاکستان کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے، اس کے بعد آسٹریلیا  کے سابق کپتان مارک ٹیلر نے اکتوبر 1998 میں پشاور میں 334 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ بھارتی اوپنر وریندر سہواگ ملتان میں مارچ 2004 میں 309 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔ 

مندرجہ بالا ریکارڈ اور ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی صورتحال سے ظاہر ہے کہ آسٹریلین کپتان نے اس وقت اننگز ڈکلیئر کی جب وارنر 335 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، تاہم اگر وہ مزید کچھ اوورز کھیلتے تو پاکستان کے خلاف سب سے بڑی انفرادی اننگز کا 61 سال پرانا سر گیری سوبرز کا ریکارڈ توڑ سکتے تھے۔ 

علاوہ ازیں ایک بدترین ریکارڈ یاسر شاہ کے نام بھی رہا لیکن ریکارڈ بنانے والے کھلاڑی وارنر ہی تھے۔

یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کھلاڑی کے خلاف سب سے زیادہ رنز دینے والے پاکستانی بولر بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی 110 گیندوں میں وارنر کو 111 رنز دیے۔

تازہ ترین