• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ملک میں اشیائے خوردونوش مہنگی ہوگئی ہیں،حکومتی معاشی ٹیم کا اعتراف

اشیائے خوردونوش مہنگی ہوگئی ہیں، حکومت کی معاشی ٹیم کا اعتراف


اسلام آباد(ایجنسیاں‘جنگ نیوز)حکومت کی معاشی ٹیم نے اعتراف کیاہے کہ ملک میں اشیائے خوردونوش مہنگی ہوگئی ہیں جسے کنٹرول کرنا ضروری ہے‘ مہنگائی کی وجوہات میں موسمیاتی عوامل ‘ بھارت سے تجارتی بندش ‘ بدانتظامی ‘ ذخیرہ اندوزی اور دیگراور انتظامی معاملات شامل ہیں‘ماضی کی طرح دوبارہ آئی ایم ایف کی طرف نہیں جائیں گے ‘ ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا‘ اب اگلا مرحلہ اقتصادی ترقی میں تیزی کا ہے‘ آئندہ سال مہنگائی میں کمی آئے گی‘کم آمدنی والے افراد کو تعمیرات کیلئے سبسڈی دیں گے۔

سرمایہ کاروں کے لیے قرضوں کی شرح سود میں بھی کمی کریں گے، کسی کو کوئی سپلیمنٹری گرانٹ نہیں دی جا رہی ہے، چاہتے میں ملک نوکریاں ملیں اور روز گار کے مواقع پیدا ہوں۔ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ حفیظ شیخ‘ وفاقی وزیر اقتصادی امورحماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ 

عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ عالمی ادارے معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کی تعریف کر رہے ہیں، ماضی کی طرح دوبارہ آئی ایم ایف کی طرف نہیں جائیں گے، حکومت نے میرٹ پر فیصلے اور اقدامات کئے ہیں، اداروں کو مضبوط بنایا جا رہا ہے،ا سٹیٹ بینک آف پاکستان کو خود مختاری دی گئی ہے۔

گزشتہ پانچ ماہ میں اقتصادی محاذ پر اہم کامیابیاں ملی ہیں، رواں ماہ میں برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ہوا، حسابات جاریہ کے خسارہ میں 35 فیصد کمی ہوئی ہے، مالی خسارہ پر قابو پایا گیا، مالی خسارہ پر نہ صرف قابو پایا بلکہ انٹرسٹ پیمنٹ کو نکال دیا جائے تو یہ سرپلس میں آ جاتا ہے، ایکسچینج ریٹ میں استحکام آ گیا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستان آئی، انہوں نے حکومت کی کارکردگی دیکھا اور جانچا، آئی ایم ایف کی ٹیم نے کہا کہ پاکستان نے جو وعدے اور جو معاہدے کئے تھے وہ بخوبی پورے کئے گئے ہیں، ٹیم نے آئی ایم ایف بورڈ کو سفارش کی ہے کہ پاکستان کے لیے 500 ملین ڈالر کی دوسری قسط فوری طور پر جاری کی جائے۔

تازہ ترین