• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، خواتین کیساتھ جنسی زیادتی سے متعلق قراردادمتفقہ طور پر منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، صوبائی وزیر بہبود آبادی شہلا رضا کی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی سے متعلق قرار داد متفقہ طور پر منظور ۔ شہلا رضا نے ایوان میں قراداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرار داد کا مقصد جنسی تشدد کے خلاف مہم کا ساتھ دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو خواتین کے ساتھ جو ظلم ہورہا ہے اس پر بھی ہمیں کھڑا ہونا ہے۔ قرار داد پر اپوزیشن کی رابعہ اظفر نظامی اور پیپلز پارٹی کی ہیر سوہو نے بھی خطاب کیا بعدازاں ایوان نے قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ دریں اثنا سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے اسمبلی کی کارروائی کے دوران ایوان کو بتا یا کہ دادو کی بچی گل سما سے متعلق خبر کا علم حکومت کو میڈیا کے ذریعے ہوا ہے اور اس حوالے سے کسی نے کوئی شکایت نہیں کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی کو سنگسار کرنے کے کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے ہیں۔معاملے کی پوری طرح چھان بین کی جارہی ہے اور جو ممکن ہوا کریں گے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ گل سما کی قبرکشائی اور پوسٹ مارٹم کی کارروائی ہوگی۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ کراچی میں ڈیفنس کے عالقے سے اغوا کی جانے والی دعامنگی کے والد نثارمنگی سے رابطہ ہوا ہے۔پولیس کو کچھ شواہد بھی ملے ہیں جن کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ تشویش ناک ہےاگروفاقی حکومت کی مدد کی ضرورت پڑی تو ضرور لیں گے۔دوسری جانب سندھ کے وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ 2 روز میں گنے کے نرخ کا اعلان کردیا جائے گا، سندھ میں ٹڈی دل نے فصلوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے اس کے سدباب کے لئے سندھ کا محکمہ زراعت اپنے طور پر جو اسپرے کررہا ہے وہ موثر ثابت نہیں ہوسکتا اور نہ اس سے ان کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔منگل کو سندھ اسمبلی میں محکمہ زراعت ،سپلائی اور پرائسسز سے متعلق وقفہ سوالات میں ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاز سے جو اسپرے ہوتاہے اس سے ٹڈی دل کا خاتمہ ہوجاتا ہے اور فصلوں کو نقصان بھی نہیں پہنچتا۔جی ڈی اے کے رکن اسمبلی عارف مصطفی جتوئی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر زراعت نے بتایا کہ دو روز میں گنے کے نرخ کا اعلان کردیا جائے گا ۔
تازہ ترین