• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی اُردو میلہ، دوسرے دن کا پہلا اجلاس شعروسخن کے نام

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری بارہویں عالمی اُردو کانفرنس کے دوسرے دن پہلے اجلاس میں ”شعروسخن کا عصری تناظر“ کے موضوع پر اہل علم و دانش نے مختلف عنوانات پر اپنے اپنے مقالے پیش کیے۔

اجلاس کی صدارت معروف ادباءو شعراءامجد اسلام امجد، افتخار عارف، کشور ناہید، امداد حسینی، عذرا عباس، منظر ایوبی اور افضال احمد سید نے کی جبکہ نظامت کے فرائض شکیل خان نے انجام دیئے۔

یاسمین حمید نے ”جدید نظم میں طرزِ احساس کی تبدیلیاں“ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جدیدیت کا لفظ نظم اور غزل کے لیے بارہا استعمال ہوا ہے اور یہ وہ وقت تھا جب 1939ء کے جدیدیت پسند حلقے نے اسے استعمال کیا۔

آرٹس کونسل میں بارہویں عالمی اردو کانفرنس کا میلہ سج گیا


انہوں نے کہا کہ عمومی سطح پر جدیدیت پسندی تخلیق پر حاوی ہوتی گئی، اُردو میں آزاد نظم کی پہلی اشاعت 1932ء میں ہوئی، نظم کے اظہار میں پھیلاؤ ہے، نظمیں عموماً ایک جگہ پر جامد اور ساکت رہتی ہیں، انہوں نے کہاکہ ترقی پسند کا راستہ بھی اجتماعی فکرو عمل کا راستہ تھا، طرزِ احساس ایک ردِ عمل ہے، انسان کی زندگی اور خود انسان جتنا سادہ ہوگا یہ ردِعمل بھی اُتنا ہی سادہ ہوگا۔

مبین مرزا نے ”جدید شعری تناظر اندیشے اور امکانات“ پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک سوال ہم سب کے لیے بہت اہم ہے اور سوال یہ ہے کہ کیا مستقبل قریب میں شاعری ختم ہوجائے گی، میں سمجھتا ہوں کہ اس کا جواب دینا اتنا آسان نہیں ہے کیونکہ یہ سوال ہمیں جھنجھوڑ دیتا ہے۔

مگر بعض سنجیدہ اذہان اب یہ سوچ رہے ہیں کہ اس سوال کا اطمینان بخش جواب کیا ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ زمانے کے بدلتے رنگ اور انسانی صورتحال کے پیچیدہ رویوں سے یہ سوال تعلق رکھتا ہے اور انسانی حالات سے اس سوال کا تعلق ہے، شاعری بے شک اظہار کا ذریعہ ہوتی ہے۔

مگر امر واقعہ یہ ہے کہ فرد کے نظام کا طریقہ کار اس سے وضع ہوتا ہے، انہوں نے کہاکہ تغیرات کا عمل حقیقت ہے مگر بڑی تبدیلی کو تبدیلی کا روزمرہ نہیں کہا جاسکتا اس طرح کی آہٹ کو پہلے سے جانچنا ضروری ہے، یورپ میں ادب کی صورتحال پر کافی گفتگو ہوئی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اسے عصری حقائق کے ساتھ اس معاملے کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اہلِ اُردو ہنوذ دِلّی دُور است کا مزاج رکھتے ہیں ، شاعری سماجی رویوں پر اثر انداز ہوتی ہے، اگر شعر وسخن پر بات کرنی پڑے تو ہمیں اس معاملے میں کوتاہی نہیں برتنی چاہیے کیونکہ بے تحاشہ ترقی نے وہ گَرد اُڑائی ہے کہ انسانی افتخار کا کوئی شعور ہی باقی نہیں رہا۔

انہوں نے کہاکہ مشاعرے تربیت گاہ کی حیثیت رکھتے آئے ہیں، سب سے پہلے شعر سننے اور سنانے کے قاعدے سیکھے جاتے ہیں، آج مشاعرے کا تفریح گاہ بن جانا شعرو سخن کی موت ہے، میڈیا نے بھی اس میں بڑا کردار ادا کیا ہے، مشاعروں کے نام پر بعض نمونوں کو شعراء بنا کر پیش کیا جاتا ہے اور اس کا عنوان عوام کی تفریح کا سامان رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شعر گوئی تماشا گوئی ہوکر رہ گئی ہے، اس عہد کا انسان جن حالات میں رہ رہا ہے وہ اس کی سوچ اور رویوں کو بدل رہے ہیں اور ردِعمل کے شعور کو بھی ختم کررہے ہیں، کوئی بھی تخلیق کار تخلیق کے موقع پر تو تنہائی پسند کرسکتا ہے مگر اپنے فن کو دوسرے تک پہنچانے کے لیے اسے دوسروں میں آنا ہی پڑتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جوہرِ انسانیت نہ ہو تو انسان اور روبوٹ میں کس طرح فرق محسوس کیا جاسکتا ہے، پہلے انسان کی تباہی کا سبب جنگیں ہوا کرتی تھیں مگر اب انسان اپنے ہی بنائے ہوئے دلچسپ کھلونوں کے ہاتھوں تباہ ہورہا ہے، شاعری لمسِ حیات کے طور پر انسان کو ودعیت کی گئی ہے، شعرو سخن کی بقاءکی جنگ انسان دشمن قوتیں کبھی نہیں جیت سکتیں۔

انہوں  نے کہاکہ شاعری کے خاتمے کا مطلب انسانیت کا خاتمہ ہوگا لہٰذا یہ جنگ تب تک جاری رہنی چاہیے جب تک ایک شخص بھی اس زمین پر انسانیت کا نام لینے والا ہے۔

ڈاکٹر فاطمہ حسن نے ”جدید غزل میں نسائیت کی معنوی جہات“ پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ غزل روایتی صنفِ سخن ہے، خواتین نے جب اپنے پورے وجود کے ساتھ لکھنا شروع کیا تو وہی جدید غزل کا دور ہے، انہوں نے کہاکہ کشور ناہید نے نظم اور نثر دونوں میں تہلکہ مچایا جبکہ فہمیدہ ریاض نے غزلیں کم لکھیں مگر اُن کی نظموں کی تعداد زیادہ ہے، انہوں نے کہاکہ پروین شاکر کے حصے میں غیرمعمولی شہرت آئی۔ شاداب احسانی نے ”اُردو شاعری اور پاکستانی بیانیہ“پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ جس قوم کا اپنا بیانیہ نہیں ہوتا وہ اس کا تاریک ترین پہلو ہوتا ہے، پاکستان کی بقاءپاکستانی بیانیے میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ اصناف ثقافت کی کوکھ سے جنم لیتے ہیں، شاعری انسان کا اوّلین اظہار ہے، قبلِ مسیح کا ادب ہو یا اس کے بعد کا ادب سماج شاعری ہی سے جڑا ہوا ہوتا ہے، ادب اور شعر کی بات میں زندگی سے جڑا اظہار ہی ادب کہلاتا ہے، شاعری معاشرے کی ترجمان ہوتی ہے، انہوں نے کہاکہ اُردو خطے کی مرکزی زبان ہے جو تمام لوگوں کو اظہارِ کا وسیلہ بنائے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم پاکستانی بیانیے کی بات تو کرتے ہیں مگر اندر سے مغرب کے بیانیے کے معترف ہیں۔

تنویر انجم نے ”اُردو نثری نظم اور مابعد جدید صورت حال“ پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں بے ترتیبی کو ترتیب میں لانا ہے، مغرب نے اسی مقصد کو پانے کے لیے اور اسی مقصد کو جواز بناکر دُنیا کے بیشتر ملکوں کے معاملات میں حصہ لیا تاکہ وہاں پھیلی ہوئی بے ترتیبی کو ترتیب میں لاسکیں، سماجی عمل کے ذریعے ترتیب اور بے ترتیبی پیدا کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ طاقت کی تقسیم سماجی عمل ہے نہ کہ ابدی حقیقت ، انہوں نے کہاکہ جدید اُردو غزل میں جدید نظم کا بھی استعمال ہوا ہے، رخسانہ صبا نے ”طویل نظم کی روایت اکیسویں صدی میں“ پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ طویل نظم نظم نہیں بلکہ مختلف نظموں کا مجموعہ ہوتی ہے، دُنیا کی عظیم شاعری طویل نظموں کی ہی صورت میں موجود ہے، بیسویں صدی میں اُردو میں طویل نظموں کی ایک بڑی فہرست ہمارے سامنے آتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ طویل اور مختصر نظم میں وہی فرق ہے جو ایک افسانے اور ناول میں ہے، طویل نظم ناقدانہ مزاج رکھتی ہے جبکہ مختصر نظم عاجزانہ مزاج رکھتی ہے، طویل نظم کی روایات اکیسویں صدی میںآگے بڑھی ہے، طویل نظم اپنے عہد سے جڑی ہوئی ہے مگر آزاد نظم کا تناسب زیادہ ہے، منظوم ڈرامہ گزشتہ صدی کی طرح اس صدی میں بھی نظر انداز ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ طویل نظم اُجلت پسند نہیں ہے بلکہ قاری کو مثبت سوچ فراہم کرتی ہے۔

تازہ ترین