مطالعہ کے شوقین افراد کے گھر کتابیں نہ ہوں، بھلا ایسا کیسے ہوسکتا ہے۔ مطالعہ کی کوئی بھی صورت ہو (مثلا ً ای بکس، اخبار بینی یا پھر کتابیں) یہ افراد موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اگر آپ بھی مطالعہ یا کتب بینی کا ذوق رکھتے ہیں تو یقیناً آپ کا گھر بھی مصنفین کی نت نئی اور پرانی کتابوں سے آراستہ ہوگا مگران کتابوں کو سنبھال کر رکھنا کسی مشکل سے کم نہیں۔ آج ہم آپ سے کچھ ان طریقوں پر بات کرنے جارہے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے آپ ان کتابوں کے ذریعے اپنے گھر کی سجاوٹ کو تخلیقی انداز دے سکتے ہیں۔ساتھ ہی کتابوں سے گھر کی سجاوٹ کا منفرد اندازآپ کی کتابیں کو محفوظ کرنے کی مشکل بھی آسان کردے گا۔ یہ طریقے کون سے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔
بک ٹری
جی ہاں!آج تک آپ نے پلانٹ ٹری یا گارڈن ٹری کا نام سنا ہوگا لیکن بک ٹری کچھ منفرد ہے۔ بک ٹری کی مدد سے آپ کے گھر کا کوئی بھی حصہ تخلیقی طرز سجاوٹ اختیار کرسکتا ہے۔ اس ضمن میں آپ کا بجٹ بھی زیادہ متاثر نہیں ہوگا، جانتے ہیں کیسے ؟مارکیٹ کا رُخ کیا جائے تو وہاں مختلف سائز کے لکڑی سے تیار خوبصورت درخت دستیاب ہیں۔
ان درختوں کو سجاوٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے لیکن ہمارا مشورہ ہے کہ آپ خوبصورت لکڑی سے درخت بنانے کے لیےکسی ماہر کی مدد لیں۔ اسٹڈی روم یا لیونگ روم کی مرکزی دیوار منتخب کرتے ہوئے پیمائش کے مطابق لکڑی کے ذریعے دیوار سے منسلک درخت کی تعمیر کروائیں ۔
ڈور شیلف
کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ آپ کے گھر کے دروازوں (خاص طور پر لیونگ روم کے دروازے ) کے اطراف کچھ جگہ خالی خالی سی رہتی ہے؟ اگر آپ تخلیقی زاویے سے سوچیں تو اس جگہ کو بھی خوبصورت انداز سے کام میں لایا جاسکتا ہے۔ دروازے کے چاروں اطراف لکڑی کی خوبصورت بلٹ اِن شیلف بنوائی جاسکتی ہے۔
یہ آئیڈیا چھوٹے گھر وں کے لیے بہترین ہے کیونکہ چھوٹے گھروں میں عام طور پراسٹڈی روم کے لیے کوئی الگ کمرہ مختص نہیں کیا جاسکتا، ایسے میں کتابیں محفوظ کرنا خاصا مشکل لگتا ہے۔ اگر آپ دروازے کے چاروں اطراف باہر کے رُخ ایک بلٹ اِن شیلف تعمیر کروالیں تو یقیناً یہ جگہ نہ صرف آپ کی کتابوں کے لیے محفوظ ثابت ہوگی بلکہ گھر کی سجاوٹ کو بھی ایک نیا انداز دے گی۔
کتابوں کے منفرد رنگ اور سجاوٹ
کتابوں کے منفرد رنگ بھی ایک عام سے حصے کو دلکش انداز دینے کے لیے خاصےاہم ہوتے ہیں ،یقین نہ آئےتو بچوں کے روم کی سجاوٹ میں یہ طریقہ آزماکر دیکھ لیجیے۔ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ بچوں میں مطالعہ کا شوق بیدار کرنے کے لیے ان کے روم میں ابتداء ہی سے چھوٹی سی بک شیلف بنوادینی چاہیے۔
یہ شیلف بچوں کو مطالعہ کی جانب اُکساکر انھیں کتب بینی کا عادی بناتی ہے ۔بک شیلف کا انتخاب کرتے ہوئے کمرے کے رنگ وروغن پر بھی نظر دوڑائیں، کنٹراسٹ رنگ کے ہمراہ بنوائے گئےشیلف کمرے کی سجاوٹ کو ایک نیا انداز دیں گے۔آپ ان شیلف میں ہلکے اور گہرے رنگوں کی خوبصورت کتابوں کا اضافہ کرسکتے ہیں ۔ اس شیلف کا اضافہ بیڈ وال کی صورت بھی کیا جاسکتا ہے۔
کتابوں سے بھرا فائر پلیس
اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کا فائر پلیس کام میں نہیں آرہا تواس کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے ایک خوبصورت فلور کور بچھائیں اور فائر پلیس میں آپ اپنی مطالعہ کی کتابیں منظم انداز میں رکھ دیں۔ کتابوں کے دائیں بائیں طرف خوبصورت گلدان اس حصے کی دلکشی مزید بڑھاسکتے ہیں۔
جیومیٹریکل وال شیلف
آپ نے روایتی طور پر بنے شیلف اکثر گھروں میں دیکھے ہوں گے۔ لکڑی سےتعمیر کروائے گئے شیلف کی مختلف اقسام اور سائزمارکیٹ میں موجود ہیں۔ آپ اپنے اسٹڈی روم کا خم دار اور جیومیٹریکل طرز تعمیر کے ذریعے نقشہ تبدیل کرسکتے ہیں۔ اس ڈیزائن کو بنانے کے لیے اپنے اسٹڈی روم کی ایک دیوار منتخب کیجیے اور جیومیٹریکل طرز مثلاًگولائی، مثلث سائز اور اسٹائل کے شیلف اس دیوار میں بنوائیں۔
گولائی والے شیلف عام طور پر دیوار کے سائز سے قدرے چھوٹے بنوائے جاتے ہیں۔ اسٹڈی روم میں صوفوں کے بجائے جھولوں کا استعمال کیجیے، چھت سے لٹکا فانوس، ٹیبل چیئر یا جھولا ایک ماڈرن طرز کا اسٹڈی روم تخلیق دینے کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوگا۔