• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویمن نیشنل فٹبال: گیلانی ایف سی کی اگلے راؤنڈ میں رسائی

مقدس کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت محسن گیلانی ایف سی نے نیشنل ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں سندھ ویمن کو شکست دیکر اگلے راؤنڈ میں کھیلنے  کا اعزاز حاصل کرلیا۔

مقدس نے میچ میں پانچ گول کرکے کوالیفائر کی ٹاپ اسکورر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام 12ویں نیشنل ویمن فٹبال چیمپئن شپ کوالیفائر کے کراچی سینٹر کا اختتام ہوگیا۔

آخری میچ کے گروپ 3 میں کھیلے گئے میچ میں محسن گیلانی ویمن ایف سی نے سندھ کی ٹیم کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی اور1-8 کی واضح برتری کے ساتھ ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے مقدس نے ایونٹ میں اپنی دوسری ہیٹ ٹرک کی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 5 گول  کئے۔

مقدس نے اپنی پہلی ہیٹ ٹرک سی ڈی ایس ایس کیخلاف بنائی تھی، جس میں انہوں نے انفرادی 5 گول اسکور کئے تھے۔

مجموعی طور پر ایونٹ میں 10 گول کے ہمراہ مقدس نے ایونٹ کی ٹاپ اسکورر بننے کے ساتھ ایونٹ کا 100واں گول اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

کراچی یونائیٹڈ کی نینا زہری نے9 اور کراچی ککرز کی اریبا عزیز نے 8 گول کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

فائنل راؤنڈ آئندہ ماہ کے اوائل میں کراچی میں کھیلا جائے گا۔ کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن پر محسن گیلانی ایف سی اور سندھ کی ٹیم کے مابین مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا۔

محسن گیلانی کی جانب سے مقدس نے تیسرے، چوتھے، 9ویں اور37ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 4 گول اسکور کرکے اپنی دوسری ہیٹرک مکمل کی۔ 5 واں گول اریبا نے 42 ویں منٹ میں اسکور کیا اور وقفہ پر اپنی ٹیم کو0-5 کی برتری دلائی۔

وقفہ پر سندھ کی ٹیم صفر کے مقابلے میں پانچ گول خسارے میں تھی،  دوسرے ہاف میں بھی محسن گیلانی کی ٹیم نے 3 گول داغے، 73ویں منٹ میں مقدس نے اپنا 5 واں گول اسکور کیا، بعدازاں تمنا نے 75 ویں اور83 ویں منٹ میں 2 گولز  اسکور کرکے محسن گیلانی ایف سی کے اسکور کو 1-8 کردیا۔

سندھ کا واحد گول فضا نے 77 ویں منٹ میں اسکور کیا۔

ریفری راشد عبدﷲ کے معاونین زاہد علی اور خرم شہزاد، فورتھ آفیشل شوکت حسین، ریفریز ایسیسر جاوید بنگش جبکہ میچ کمشنر عبدالکریم تھے۔

تازہ ترین