• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان رسول کریم ﷺ کا ذکر کرتے ہوئے خدارا احتیاط کریں

اسلام آباد / لاہور ( نمائندگان جنگ) علماء کرام نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان رسول کریم ﷺ کا ذکر کرتے ہوئے خدارا احتیاکریں ، توبہ کریں اور غیر مشروط معافی مانگیں ۔ ان خیالات کااظہار وفاق المدارس کے رہنما مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر ، مولانا محمد حنیف جالندھری ، چیئرمین متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر محمود اشرفی اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کیا ۔ ایک بیان میں وفاق المدارس کے رہنما مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے خبردار کیا ہے کہ وزیر اعظم بار بار توہین آمیز کلمات بولنے سے گریز کریں،دینی معاملات میں ہی وزیر اعظم کی زبان کا پھسلنا لمحہ فکریہ ہے اپنے منصب کا خیال رکھیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم توہین آمیز کلمات کی ادائیگی پر اللہ رب العزت سے اور پوری قوم سے غیرمشروط اور اعلانیہ معافی مانگیں اور جملہ امور میں بالخصوص دینی معاملات میں ہر قسم کی بے احتیاطی سے پرہیز کریں۔ چیئرمین متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر محمود اشرفی نے وزیر اعظم عمران خان کے نام کھلے خط میں کہا کہ مان لیتے ہیں اور حقیقت بھی یہی ہےکہ آپ دینی علوم اور آداب شریعت اسلامیہ سے واقف نہیں ہیں لیکن خان صاحب آپ ایک مسلمان ہیں اور عاشق رسولؐ ہیں مجھے کسی نے یہ حق نہیں دیا کہ میں آپ کی آپ کے آقا علیہ الصلوٰۃ و السلام سے محبت کو چھین لوں۔لیکن آپ اپنی تقاریر میں جب مقدس شخصیات اور مقدسات کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں تو خدارا احتیاط تو کر سکتے ہیں۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت محمد مصطفی ؐ کی مبارک زندگی کا ہر لمحہ عزتوں سے لبریز تھا۔ جن کی عمر مبارک کے ہر لمحے کی قسم اللہ پاک نے اٹھا ئی ہو ان جیسا معزز کون ہو سکتا ہے ۔تاجدارِ ختم نبوت حضرت محمد مصطفی ؐ کے بارے میں وزیر اعظم کے ریمارکس سخت توہین آمیز اور حقائق کے منافی ہیں۔

تازہ ترین