گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کچھ فنکاروں نے اپنے شعبے کو خیر باد کہا ہے، ان میں کچھ ایسے ہیں جنہوں نے مکمل کنارہ کشی اختیار کی جبکہ کچھ اداکاری چھوڑ کر ہدایت کاری کی جانب آگئے۔
حمزہ علی عباسی:
معروف پاکستانی اداکارحمزہ علی عباسی نے گزشتہ ماہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کر نے کا اعلان کیا تھا۔
اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اب وہ اللّہ تعالیٰ اور اسلام کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق زندگی گُزاریں گے۔
اُنہوں نے اِس بات کا اعلان بھی کیا تھا کہ وہ ہدایت کاری کی جانب آجائیں گے اور اِیسی فلمیں بنانےکی کوشش کریں گے جن میں حب الوطنی اور روحانیت کا ذکر ہو۔
رابی پیرزادہ:
گزشتہ ماہ گلوکارہ رابی پیرزادہ کی کچھ نازیبا ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی تھیں جس کے بعد رابی پیرزادہ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اِس بات کاا علان کیا تھا کہ وہ شوبز انڈسٹری چھوڑ رہی ہیں۔
اُنہوں نے اللّہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معاف بھی مانگی اور ساتھ ہی دعا کی کہ’ اللّٰہ میرے لیے لوگوں کا دل نرم کرے آمین۔‘
شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے بعد آج کل رابی پیرزادہ اللّہ کے نام کی خطاطی اور خانہ کعبہ کی پینٹنگز بنا رہی ہیں جس کی تصاویر اُنہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
شازیہ خشک:
’لال میری پت‘ اور ’دانے پہ دانا‘ جیسے لاتعداد مشہور گیت گانے والی گلوکارہ شازیہ خشک نے رواں سال اکتوبر میں اِس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ اب گلوکاری اور شوبز انڈسٹری چھوڑی رہی ہیں، اُنہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے تمام مداحوں اور دوستوں کی شکر گُزار ہیں جنہوں نے اُن کو اتنا پیار دیا ۔
شازیہ خشک نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ اب اپنی تمام زندگی اللّہ اور اسلامی تعلیمات کے مطابق گُزاریں اور باقی کی زندگی اسلام کی خدمت میں گُزاریں گی۔
نور بخاری:
پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نور بخاری نے دو سال قبل اِس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ شوبز انڈسٹری چھوڑ ہی ہیں اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ اب نہ کسی فلم میں نظر آئیں گی اور نہ ہی کسی ڈرامے میں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ اب زندگی کا حقیقی مقصد سمجھنے کی کوشش کریں گی، وہ خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ اللّہ تعالیٰ نے اُن کو منتخب کیا ہے تاکہ وہ اللّہ کے بتائے ہوئے راستے پر چل سکیں۔
عجب گل:
عجب گل جو کہ ماضی میں پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایت کار تھے، بڑے پردے پر نظر آنے کے بعد عجب گل نے خاموشی سے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور پھر اسلام کی تبلیغ کی جانب گامزن ہوگئے۔