سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں کتوں کے کاٹنے سے شدید زخمی ہونے والا بچہ کراچی میں انتقال کر گیا، 6 سالہ حسنین این آئی سی ایچ میں زیرِ علاج تھا۔
این آئی سی ایچ میں 6 سال کے حسنین کی مختلف سرجریز کی گئیں اور محکمۂ صحت نے 10 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا، یہ میڈیکل بورڈ بچے کا وقفے وقفے سے معائنہ کر رہا تھا۔
ڈائریکٹر این آئی سی ایچ جمال رضا کا کہنا ہے کہ حسنین کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے، حسنین کی متعدد سرجریز بھی کی گئی تھیں لیکن انفیکشن بڑھنےکی وجہ سے وہ صحت یاب نہ ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیے:کھیلتے بچوں پر کتوں کا حملہ
یہ بھی پڑھیے: بیٹی کو بچاتے کتے کا شکار ہوا باپ زندگی کی بازی ہار گیا
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لاڑکانہ کے 6 سالہ حسنین کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ہر طرح سے کوشش کی کہ بچے کی جان بچائی جائے، اللّٰہ پاک اس کے والدین کو صبر عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاڑکانہ میں سگ گزیدگی کا ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جب 6 سالہ حسنین پر کئی آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا اور اس کے چہرے کو بھنبھوڑ ڈالا تھا، لیکن لاڑکانہ کے کسی اسپتال میں اس کا علاج ممکن نہ ہوا۔
اسے سول اسپتال کراچی پہنچایا گیا لیکن حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے این آئی سی ایچ منتقل کیا گیا تھا۔
حسنین کو کم از کم 4 اسپتالوں میں منتقل کیا گیا لیکن کسی جگہ اس کا علاج ممکن نہ ہوسکا اور وہ بالآخر جان کی بازی ہار گیا۔
رواں سال سندھ بھر میں اب تک سگ گزیدگی کے واقعات میں 24 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔