چیف الیکشن کمشنر اور ای سی پی کے 2 ممبران کی تقرری کے لیے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ایک مرتبہ پھر ملتوی ہوگیا۔
اس حوالے سے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اب کل طلب کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے جاری ہیں، امید ہے کہ اچھا نتیجہ سامنے آئے گا۔
وزیر دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ لو اور دو نہیں کر رہے، جو بہترین ہوگا اس کا انتخاب کریں گے۔
خیال رہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور 2 اراکین کی تقرری کے معاملے میں اب تک حکومت اور اپوزیشن حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔
اس حوالے سے حکومتی اراکین کا ماننا ہے کہ معاملہ جلد حل ہوجائے گا جبکہ اپوزیشن اراکین کا ماننا ہے کہ اس معاملے میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔
ایک روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر وزیر دفاع پرویز خٹک کو اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دیا تھا۔
وزیراعظم نے اپوزیشن اور اتحادیوں کے ساتھ رابطوں کا ٹاسک دے دیتے ہوئے وزیر دفاع کو ہدایت کی کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر قانون سازی کی راہ ہموار کریں۔