• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید ٹرین کے ذریعے سرگودھا ریلوے اسٹیشن پہنچے اس موقع پر شہریوں نے نعرے لگائے۔

ایک مشتعل شہری نے شیخ رشید جس بوگی میں موجود تھے، اس بوگی پر انڈے پھینک کر مارے۔

سرگودھا پولیس نے انڈے پھینکنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد راولپنڈی سے لاہور براستہ سرگودھا ریلوے ٹریک کے جائزے کے لیے آج صبح اسپیشل منسٹر ٹرین کے ذریعے گزرتے ہوئے گوجر خان کے ریلوے اسٹیشن پہنچے۔

گوجر خان میں اپنے 5 منٹ کے قیام کے دوران انہوں نے پاکستان عوامی مسلم لیگ کے مقامی رہنماء ملک طارق محمود کی زیرِ قیادت موجود عوام اور پارٹی کارکنوں کے استقبالیہ ہجوم سے گفتگو بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ ریل پر سفر کے حوالے سے قوم کے اعتمادکی بحالی سے ریلوے کی آمدنی میں شاندار اضافہ ہوا ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ملک بھر کے چھوٹے سے چھوٹے ریلوے اسٹیشنز کو فعال بناتے ہوئے ممکنہ سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔

شیخ رشید نے سابق امیدوارِ قومی اسمبلی ملک طارق کی اہلِ گوجر خان کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی گوجر خان کے لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: شیخ رشید اپنے مستقبل کی فکر کریں، نفیسہ شاہ

انہوں نے کہا کہ یہاں 10 ٹرینوں کے اسٹاپ سے ماہانہ 37 لاکھ روپے کی آمدنی قابلِ رشک ہے، برق رفتار ریل کار کا اسٹاپ دے چکے ہیں، عوامی ضرورتوں اور مطالبے کے پیشِ نظر اے سی پارلر کی ریزرویشن بھی دیں گے۔

وزیرِ ریلوے نے مزید کہا کہ کوئٹہ ایکسپریس اسٹاپ کی بحالی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک کے ساتھ آباد گوجر خان شہر کی نشیبی بستیوں کی زیرِ التواء سڑک کے معاملے پر بھی ہمدردانہ غور کریں گے۔

وفاقی وزیر کی آمد پر علاقہ مکینوں اور کارکنوں نے ڈھولک کی تھاپ اور بینڈ باجوں کی دھن میں اپنے قائد کو مالائیں پہنا کر ان کا شایانِ شان انداز میں استقبال کیا۔

تازہ ترین