• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متنازع شہریت بل کے خلاف ہنگامے، جاپانی وزیراعظم کا دورہ بھارت ملتوی

بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں شہریت سے متعلق متنازع ترمیمی بل پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، اس کشیدہ صورتحال کے باعث جاپانی وزیر اعظم کا بھارت کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جاپانی وزیر اعظم شنزوایبے کا 15دسمبر سے بھارت کا تین روزہ دورہ شیڈول تھا، جاپانی وزیر اعظم اور بھارتی وزیر اعظم کے درمیان سربراہی اجلاس آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں ہونا تھا۔

تاہم بی جے پی حکومت کی جانب سے شہریت کے متنازع ترمیمی بل کیخلاف جاری احتجاج اور ہنگاموں نے شدت اختیار کرلی ہے جبکہ اس احتجاج کا مرکز بھی شمالی مشرقی بھارت اور بالخصوص ریاست آسام اور تریپورہ ہے۔

آسام کے صدر مقام گوہاٹی میں دو روزقبل ہونے والے ہنگاموں کے دوران احتجاج کرنے والوں نے بھارت جاپان وزرا اعظم ملاقات کی جگہ پر تیار کیا گیا ڈائس اور دیگر انتظامات تہہ وبالا کردیے تھے۔

جبکہ ابھی تک گوہاٹی سمیت آسام کے دیگر شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز بنگلادیش کے وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ نے بھی احتجاج کی وجہ سے بھارت کا دورہ منسوخ کیا تھا۔

تازہ ترین