• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف علی زرداری اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے

آصف علی زرداری اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے


پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے۔

آصف زرداری کو لانے والا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے ٹرمنل ون پر 9 بجکر 9 منٹ پر اترا، سابق صدر نے حکومت سندھ کے طیارے ایل جے 45 میں سفر کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سابق صدر آصف زرداری کے ہمراہ سفر کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کا یہ طیارہ وزیراعلی سندھ کو خصوصی سرکاری سفر کے لیے دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ  کا اپنے سیاسی قائد کو لینے کے لیے اسلام آباد پہنچنا سرکاری کام نہیں جبکہ وزیر اعلیٰ  نے اپنے سفر کا کوئی سیاسی جواز بھی ظاہر نہیں کیا۔

مراد علی شاہ آصف علی زرداری کو خود اسپتال سے لے کر ایئرپورٹ پہنچے۔

سندھ حکومت کے طیارے ایل جے 45 نے غیرمعمولی رفتار سے سفر کیا اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد ایک گھنٹہ 45 منٹ میں کراچی پہنچ گیا۔

سابق صدر آصف زرداری طیارے سےلاونج میں وہیل چئیر پرآئےجبکہ بلاول بھٹوزرداری نےایئرپورٹ پرآصف زرداری کااستقبال کیا۔

آصف زرداری کے استقبال کے لیے وزیراطلاعات سعیدغنی،وزیربلدیات ناصرشاہ بھی موجود تھےجبکہ پیپلزپارٹی کےکارکنوں کی بڑی تعدادبھی ایئرپورٹ پرموجودتھی ۔

آصف زرداری کا وزیر اعلیٰ کے طیارے میں سفر غیر قانونی نہیں

ترجمان سندھ حکومت رشید چنا نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کےطیارےمیں سفرکرلیا تو یہ غیرقانونی نہیں ہے ۔

رشیدچنا نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ طیارےمیں سرکاری عہدیدار بھی سفر کرتے ہیں جبکہ سابق صدرآصف علی زرداری سندھ کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری سندھ میں حکمران پارٹی کےسربراہ ہیں اور آصف زرداری اب گرفتارنہیں، ضمانت پرہیں۔


تازہ ترین